ملک کے تمام شعبوں میں خواتین کا کردار نہایت مثبت اور اہمیت کا حامل ہے ،فریال تالپور

پیر 21 مارچ 2016 19:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر ایم این اے فریال تالپور نے کہا ہے کہ ملک کے تمام شعبوں میں خواتین کا کردار نہایت مثبت اور اہمیت کا حامل ہے اور بالخصوص سیاست کے میدان میں خواتین کا جو کردار رہا ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ خواتین نے تمام تر نامساعد حالات اور امتیازی سلوک کے باوجود ملک و قوم کی ترقی اور موجودہ دہشت گردی جیسے حالات میں پاکستان کا امیج عالمی سطح پر بہتر طور پر پیش کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوالیا ہے۔

وہ ٹیلی فون پر پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین سندھ کی صدر شگفتہ جمانی اور کراچی کی صدر ڈاکٹر شاہدہ رحمانی سے گفتگو کررہی تھیں۔ فریال تالپور نے انھیں خصوصی طور پر ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ خواتین کو صوبہ بھر میں متحرک کرنے کے کام کا آغاز کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان کل بھی پارٹی کا سرمایہ تھے ، آج بھی ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔

انھوں نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ خواتین کی رہنما اور اراکین اسمبلی اپنے حلقوں میں فوری طور پر عوامی رابطے مہم شروع کریں تاکہ خواتین کو بھرپور انداز میں فعال اور متحرک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی بالادستی اور تحفظ کے لئے بھی خواتین نے بھرپور آواز بلند کی ہے اور حالیہ دنوں میں آئین شکن ڈکٹیٹر پرویز مشرف جس پر آرٹیکل 6کے تحت اورمحترمہ بینظیر بھٹو شہید کے قتل کا مقدمہ چل رہا ہے کو رات کی تاریکی میں ملک سے فرار کروا کر ن لیگ نے آئین پاکستان پر جو سوالیہ نشان لگا دیا ہے اس پر پاکستان پیپلز پارٹی کی خواتین کا احتجاج پوری دنیا کے سامنے ہے اور جب کسی مسئلے پر خواتین سڑکوں پر آجائیں تو وہ مسئلہ حل ہو کر ہی رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ4 اپریل کو قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کی 37 ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں جیالیوں کا سمندر ہوگا جن کا جوش و ولولہ دیدنی ہوگا۔ فریال تالپور نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے خواتین کو باوقار مقام دینے کیلئے کئی تاریخی کام کئے جن میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور وسیلہ حق جیسے پراجیکٹ نمایاں ہیں جن سے آج دور دراز علاقوں کی خواتین معاشی، مالی اور سماجی طور پر مضبوط، خوشحال ،خودکفیل اور متحرک ہوچکی ہیں اور اپنے کنبے کے ساتھ ساتھ ملک کی ترقی میں بھی اپنا کردار بخوبی نبھارہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ قانون ساز اسمبلیوں میں خواتین کی نمائندگی کا سہرا بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے سر ہے اور اسلامی ممالک کی پہلی خاتون وزیراعظم کا کریڈیٹ بھی پیپلز پارٹی کو جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :