مائیکرو سافٹ نے پاکستان کا پہلا ایمپلائمنٹ/انٹر پرینیور شپ پورٹل روزگار متعارف کرادیا

بدھ 20 اپریل 2016 16:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 اپریل۔2016ء) ٹیکنالوجی اور تخلیقات میں عالمی لیڈر مائیکرو سافٹ نے پاکستا ن کا پہلا ایمپلائبیلیٹی/انٹر پرینیور شپ پورٹل Rozgar.Work متعارف کرادیا ہے ۔یہ پراجیکٹ ورلڈ وژن کے اشتراک سے متعارف کرایا گیا ہے جس کا مقصد ایڈوانس ٹیکنالوجیز کے ذریعے پاکستان میں نوجوان ورک فورس کی ترقی کے عمل کو تیز کرنا ہے ۔

Rozgar.Work کی تعارفی تقریب اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جہاں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال مہمان خصوصی تھے۔Rozgar.Work کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کو انٹر پرینیور شپ کے ذریعے خود انحصاری کی جانب راغب کرنا ہے تا کہ ملازمتوں کے کم ہوتے ہوئے مواقعوں کے سبب نوجوانوں کی کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

Rozgar.Work کا پلیٹ فارم مائیکرو سافٹ مڈل ایسٹ ،افریقہ (مینا ٹیم ) کی جانب سے تیار کیا گیا ہے اور یہ پراجیکٹ پہلے ہی دنیاکی16مارکیٹ میں موجود ہے جس میں مصر،مراکش،تیونس ،عراق،قطر،نائیجیریا،کینیا،جنوبی افریقہ،بوٹسوانا،الجزائر،گھانا،فلسطین،لبنان،اردن،ترکی اور اب پاکستان شامل ہیں جبکہ جلد ہی اس پراجیکٹ کا دائرہ مزید21ممالک تک پھیلایا جائیگا جس میں موزمبیق،انگولا،زمبابوے،مدغاسکر،اور ماریشس وغیرہ شامل ہیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ مائیکرو سافٹ کی جانب سے پاکستانی نوجوانوں کیلئے ڈیزائن کئے گئے اس پراجیکٹ کی جس قدر تعریف کی جائے وہ اس قدر کم ہے ،ان کا کہنا تھا کہ اسمارٹ فونز کے استعمال میں اضافے اور بڑھتی ہوئی کنیکٹیویٹی نے ای لرننگ کی اہمیت کو اور زیادہ بڑھا دیا ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ Rozgar.Workپاکستان میں نوجوانوں کو empowerکرنے کے حوالے سے اہم کردار ادا کرے گا۔

مائیکرو سافٹ کا یہ Rozgar.Work کیریئر کونسلنگ و رہنمائی،سافٹ اور ہارڈ اسکلز ڈیولپمنٹ کے حوالے سے تربیتی پروگرام کے ساتھ ساتھ آن لائن و موبائل جاب میچنگ و سرچ فنکشنلیٹی کی سہولت فراہم کرے گا۔اس موقع پر مائیکرو سافٹ پاکستان کے جنرل منیجر ندیم ملک کا کہنا تھا کہ مائیکرو سافٹ کی حیثیت سے ہم اپنی کامیابیوں کو ان کمیونیٹیز کے ساتھ شیئر کرنے پر یقین رکھتے ہیں جہاں ہم کام کررہے ہوں۔

Rozgar.Work پاکستان میں نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافے اور انہیں بااختیار بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا اور باصلاحیت،بااختیار اور خو د مختار نوجوان پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کے اہل ہونگے۔اس موقع پر WVI پاکستان کے پروگرام ڈیولپمنٹ منیجر رضوان الحق کا کہنا تھا کہ ہم مائیکرو سافٹ کے اس انقلابی اقدام کا حصہ بننے پر انتہائی پرجوش ہیں ،ورلڈ وژن ایک بین الاقوامی انسانی حقوق سے متعلق تنظیم ہے جو کہ غربت کے خاتمے،سماجی ترقی،قدرتی آفات میں امداد،تعلیم ،صحت اور انصاف کی فراہمی سمیت دیگر شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہی ہے اور ہم اس ایونٹ میں اپنی شمولیت یقینی بنانے کیلئے PASHA, اور TIE, جیسی انٹر پرائزز کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :