علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے زیر اہتمام فاصلاتی نظام تعلیم اور آن لائن سسٹم پر پہلی عالمی کانفرنس 13 مئی کو ہو گی

پیر 9 مئی 2016 16:24

اسلام آباد ۔ 9 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مئی۔2016ء) فاصلاتی نظام تعلیم اور آن لائن سسٹم پر پہلی عالمی کانفرنس 13 مئی کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں منعقد ہو گی۔ 2 روزہ کانفرنس کا اہتمام علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے کیا ہے۔ کانفرنس کا مقصد فاصلاتی نظام تعلیم پر مشترکہ قومی پالیسی مرتب کرنا ہے۔

کانفرنس میں فاصلاتی نظام تعلیم کی حامل جامعات کے تعلیمی ماہرین اور سربراہان شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے فاصلاتی نظام تعلیم کے 15 اداروں کے سربراہ شرکت کریں گے، اسی طرح کامن ویلتھ آف لرننگ کے رکن ممالک کے نمائندوں کی مہارت اور تجربات سے مستفید ہونے کے لئے انہیں بھی کانفرنس میں شرکت کے لئے مدعو کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی دنیا بھر میں دوسری اور ایشیاء ریجن میں فاصلاتی نظام تعلیم کی سب سے پہلی یونیورسٹی ہونے کا اعزازرکھتی ہے۔ اس حوالے سے قومی پالیسی کی تشکیل میں کلیدی کردارادا کرنے کی اہلیت اور خواہش رکھتی ہے۔ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ فاصلاتی نظام تعلیم پر قومی پالیسی مرتب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ فاصلاتی نظام تعلیم پر قومی پالیسی کی تشکیل کے لئے اوپن یونیورسٹی تعلیمی اور پیشہ ورانہ معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ2۔ روزہ کانفرنس میں مرتب کی جانے والی سفارشات منظوری اور نفاذ کیلئے وفاقی حکومت کو ارسال کی جائیں گی۔فاصلاتی نظام تعلیم پر قومی پالیسی غیر رسمی نظام تعلیم کے تعلیمی نیٹ ورک کی توسیع اور تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم مدد گار ثابت ہوگی۔کانفرنس میں شرکت کرنے والے اہم ممالک کے ماہرین فاصلاتی تعلیم باہمی مشاورت سے تعلیمی پروگرامز اور کورسز کی تیاری اور دیگر متعلقہ مسائل بھی زیر بحث لائیں گے اور قابل عمل حل پر مشتمل سفارشات مرتب کریں گے۔

متعلقہ عنوان :