پارلیمنٹ کو مسائل کے حل کیلئے استعمال نہیں کرنا تو اس کو تالہ لگا دیں، میاں صاحب اپوزیشن سے مل کر مسئلے کا حل نکالیں، بلاول نے ابھی تک وزیراعظم سے استعفیٰ نہیں مانگا پیپلز پارٹی میں کسی سطح پر اختلاف نہیں ، آصف زرداری اور بلاول بھٹو ایک پیج پر ہیں، آصف زرداری جلد پاکستان جائیں گے

پیپلز پارٹی کے رہنماء سینیٹر رحمان ملک کی لندن میں میڈیا سے گفتگو

منگل 17 مئی 2016 22:04

پارلیمنٹ کو مسائل کے حل کیلئے استعمال نہیں کرنا تو اس کو تالہ لگا دیں، ..

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مئی۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء و سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو مسائل کے حل کیلئے استعمال نہیں کرنا تو اس کو تالہ لگا دیں، میاں صاحب اپوزیشن سے مل کر مسئلے کا حل نکالیں، پیپلز پارٹی میں کسی سطح پر اختلاف نہیں ہے، آصف زرداری اور بلاول بھٹو ایک پیج پر ہیں، آصف علی زرداری جلد ہی پاکستان جائیں گے۔

منگل کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ابھی تک نواز شریف سے استعفیٰ نہیں مانگا، اپوزیشن لیڈر سیدخورشید شاہ نے سوالوں کے جواب سے متعلق اسمبلی میں بیان دیا، بہتر ہوتا وہ تھوڑا اور بول لیتے مگر انہوں نے عمران خان کو اسمبلی میں خطاب کا موقع دیا، مگر مجھے بھی سمجھ نہیں آرہا کہ عمران خان پارلیمنٹ سے کیوں باہر گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے معاملے کو سلجھانا ہے، الجھانا نہیں ہے اور اگر پارلیمنٹ کو مسائل کے حل کیلئے استعمال نہیں کرنا تو اس کو تالہ لگا دیں۔ رحمان ملک نے کہا کہ میاں صاحب اپوزیشن سے مل کر پانامہ لیکس کے مسئلے کا حل نکالیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں کسی سطح پر اختلاف نہیں ہے، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو ایک پیج پر ہیں، آصف زرداری نے کہا ہے کہ ہم جمہوریت کے حق میں ہیں اور جمہوریت کا مستقبل پارلیمنٹ سے وابستہ ہے، پانامہ پیپرز کے مسئلے کا حل پر امن اور آئینی طریقے سے نکالنا چاہیے اور پانامہ لیکس میں شامل تمام افراد کی تفتیش ہونی چاہیے۔ رحمان ملک نے کہا کہ آصف علی زرداری بہت جلد پاکستان جائیں گے۔