محکمہ تعلیم سندھ نے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا

تعلیمی اداروں میں20مئی سے24جولائی تک چھٹیاں رہیں گی

جمعرات 19 مئی 2016 19:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 مئی۔2016ء) محکمہ تعلیم سندھ نے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت سندھ کے تعلیمی اداروں میں20مئی سے24جولائی تک چھٹیاں رہیں گی۔تعطیلات کافیصلہ محکمہ تعلیم کی جانب سے موسم کی شدت کے پیش نظرکیاگیاہے ،والدین نے تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کے فیصلے کو درست قرا ر دیا ہے لیکن پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے قبل از وقت تعطیلات کی مخالفت کی ہے جبکہ پیک پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن سندھ نے فیصلے کی حمایت کی ہے ۔

صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو سے مشاورت کے بعد سیکریٹری تعلیم فضل اللہ پیچوہو نے تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔صوبائی وزرت تعلیم نے تعلیمی کلینڈر میں تبدیلی کرتے ہوئے تعطیلات کا فیصلہ قبل از وقت کیا تعلیمی کلینڈر کے مطابق سندھ بھر میں موسم گرما کی چھٹیاں یکم جون سے 31جولائی تک ہونا تھی تاہم سندھ کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت40سے45ڈگری سینٹی گریڈتک پہنچ جانے اور کراچی میں ہوامیں نمی کاتناسب بڑھنے سے گرمی کی مزیدشدت پیداہوگئی تھی ان وجوہات کے پیش نظرحکومت سندھ نے ہنگامی بنیادوں پراسکولوں کی تعطیلات کافیصلہ کیاتاکہ بچوں کوہیٹ اسٹروک سے بچایاجائے۔

(جاری ہے)

سیکریٹری تعلیم سندھ کے مطابق وزیرتعلیم کی مشاورت سے سندھ کے تعلیمی اداروں میں موسم گرماکی تعطیلات کااعلان قبل از وقت کیاگیا موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد25جولائی بروز پیر سے سندھ بھر کے تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھل جائیں گے ۔پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شرف الزمان کا کہنا تھا کہ اچانک عام تعطیل کے اعلان سے بچوں کا ہوم ورک متاثر ہوگا کیونکہ اساتذہ نے یکم جون سے عام تعطیل کا شیڈول بنارکھا تھا لیکن اچانک چھٹی سے اساتذہ کی جانب سے بچوں کو ہوم ورک نہیں دیا جاسکے گا اس لیے پرائیویٹ اسکول یکم جون تک کھلے رہے گے ۔

دوسری جانب پیک پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن سندھ کے صدر سید شہزاد اختر نے حکومت سندھ کی جانب سے شدید گرمی کے پیش نظر صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں قبل از وقت موسم گرما کی تعطیلات کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔ پیک کے مرکزی آفس ڈی ایچ اے سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر پیک کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری و نجی اسکولز اور کالجزکو19مئی سے 24جولائی تک بند رکھنے سے ناصرف طلباء وطالبات شدید گرمی سے بچ سکیں گے بلکہ ہیٹ اسٹروک سے بھی محفوظ رہ سکیں گے۔

ممبر میٹرک بورڈ غلام عباس بلوچ نے کہا کہ حکومت ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے حوالے سے آگہی مہم مزید تیز کی جائے تاکہ شہریوں کو شدید گرمی سے بچاؤ کے اقدامات ممکن ہوسکیں۔ چیئرمین انٹربورڈاخترغوری کاکہناہے کہ کالج کے طلباکے امتحانات شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :