حساس علاقوں میں بھی پولیو کے خلاف شعور بیدار ہو رہا ہے،آصف جمیل

کونسلنگ کی وجہ سے کامیابی ہوئی لیکن اس کے باوجود حساس علاقوں پر توجہ کم نہیں ہو گی، ڈپٹی کمشنر ضلع غربی

بدھ 25 مئی 2016 21:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء) ڈپٹی کمشنر ضلع غربی محمد آصف جمیل نے کہا ہے کہ حساس علاقوں میں پولیو مہم کے دوران ٹیموں کو ردعمل کا سامنا ہوتا تھا لیکن اب ان علاقوں میں رہنے والوں میں بھی پولیو جیسے موذی مرض کے خلاف شعور بیدار ہو رہا ہے اور وہ مہم کے دوران بھر پور تعاون بھی کر رہے ہیں ایسا کونسلنگ کی وجہ ہوا لیکن اس کامیابی کے باوجود حساس علاقوں میں پولیومہم کے دوران توجہ کم نہیں ہو گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز ضلع غربی کے مختلف حساس علاقوں میں انسداد پولیو مہم کا جائزہ لینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مختیا ر کار مومن آباد جہانگیر شاہ ،ٹاؤ ن ہیلتھ آفسیر ڈاکٹر شفیق احمد اورڈسٹرکٹ ویسٹ میں پولیس مانیٹرنگ سیل کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

ڈی سی غربی کے میڈیا کو آرڈینٹر سید مظہر امام کے مطابق ڈپٹی کمشنر ضلع غربی محمد آصف جمیل نے انسداد پولیو ٹیموں کوسخت سکیورٹی فراہم کرنے کے ساتھ ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کیلئے ٹھنڈا پانی بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی اور جاری انسدادپولیو مہم میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون کو سراہا ۔

ڈپٹی کمشنر غربی آصف جمیل نے کہا کہ ہم نے پولیو کے خاتمے کا عزم کر رکھا ہے اسی مقصد کے تحت ہر علاقے میں جا کر ذاتی طور پر مہم کا جائزہ بھی لے رہا ہوں غربی میں پولیو مانیٹرنگ سیل کو فعال رکھا گیا ہے اور اہداف کے حصول کیلئے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار بھی لایا جا رہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :