اپوزیشن جماعتوں کی پانامہ لیکس سے وزیراعظم کا نام نکالنے کی خبروں کی تردید

جمعہ 27 مئی 2016 15:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 مئی۔2016ء) اپوزیشن جماعتوں نے پانامہ لیکس سے وزیراعظم نواز شریف کا نام نکالنے کی خبروں کی تردید کردی۔ سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سے تحقیقات کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوئے‘ مریم اور حسین نواز سے تحقیقات میں وزیراعظم کا نام خود ہی شامل ہوجاتا ہے‘ ہمارے ٹی او آرز جوں کے توں تسلیم کئے جائیں تو وزیراعظم کا نام خارج کرنے کے لئے تیار ہیں‘ ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے وزیراعظم کا نام نکالنے پر کوئی اتفاق نہیں کیا‘ معاملے پر شاہ محمود قریشی پہلے ہی ان خبروں کی تردید کرچکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو اپوزیشن جماعتوں نے پانامہ لیکس سے وزیراعظم نواز شریف کا نام نکالنے کی خبروں کی تردید کردی تاہم اس معاملے پر تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے موقف علیحدہ علیحدہ ہوگئے ہیں پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں پانامہ لیکس پر وزیراعظم سے تحقیقات کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوئیں اپوزیشن اب بھی وزیراعظم کے اہل خانہ سے تحقیقات کے مطالبے پر قائم ہیں مریم اور حسین نواز سے تحقیقات میں وزیراعظم کا نام خود ہی شامل ہوجاتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کا نام حسین نواز اور مریم نواز کے حوالے سے آیا ہے۔ تحقیقات کا آغاز وزیراعظم اور ان کے خاندان سے ہوگا۔ وزیراعظم اور ان کے خاندان کے بارے میں انکوائری تین ماہ میں مکمل ہو جبکہ پانامہ لیکس میں دیگر افراد کے خلاف تحقیقات ایک سال میں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ٹی او آرز جوں کے توں تسلیم کئے جائیں تو ہم وزیراعظم کا نام خارج کرنے پر تیار ہیں۔ ٹی او آرز تسلیم نہ کئے گئے تو وزیراعظم کا نام خارج نہیں ہوگا۔ دوسری طرف تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے اپنے بیان میں کہا کہ اپوزیشن نے وزیراعظم کا نام نکالنے پر کوئی اتفاق نہیں کیا شاہ محمود قریشی بیان کی تردید کرچکے ہیں۔