ملک بھر سے 27ہونہار طلباو طالبات کا وفد یورپ کے تعلیمی اداروں کے مطالعاتی دورہ پر روانہ

ہفتہ 4 جون 2016 20:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 جون۔2016ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر ملک بھر سے پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات کا27رکنی وفد یورپ کی معروف درسگاہوں کے مطالعاتی دورے پر روانہ ہوگیا۔ صوبائی وزیر ہائرایجوکیشن وماحولیات بیگم ذکیہ شاہنواز نے ائیر پورٹ پرطلبا و طالبات کو الوداع کیا ۔وفد میں چاروں صوبوں سمیت اسلام آباد ، آزاد کشمیر، و گلگت بلتستان کے پوزیشن ہولڈرز طلبا شامل ہیں ۔

پولیس کے چاق وچوبند دستے نے طلبا و طالبات کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ایک ماہ کے دورے کے دوران طلبا یوکے ، سویڈن او رجرمنی کی معروف یونیورسٹیوں و درس گاہوں کا دورہ کریں گے اور وہاں کے تعلیمی نظام سے آگاہی حاصل کریں گے۔صوبائی وزیر ذکیہ شاہنواز نے طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب تعلیم کے شعبے کی ترقی اور طلبا وطالبات کے لئے کئی انقلابی پروگرام شروع کئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ سے لاکھوں بچوں کو ایک ارب روپے سے زائد کے وظائف دئیے جا چکے ہیں۔ اسی طرح امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے ملک بھر کے بچوں کو اربوں روپے کے نقدانعامات دئیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے کم وسیلہ ہونہار بچوں کو زیو رتعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے وسائل کا رخ ان کی طرف موڑ دیا ہے ۔