اوپن یونیورسٹی نے”سالانہ 14۔لاکھ داخلوں کا“ہدف مقرر کر دیا

بدھ 15 جون 2016 15:09

اسلام آباد ۔ 15 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 جون۔2016ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ملک کے طول و عرض میں اور بطور خاص پسماندہ علاقوں کے شہریوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو تعلیم و تربیت کی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے داخلوں کا سالانہ " 14۔لاکھ"کا ہدف مقرر کرلیا ہے اور اس میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر ‘ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے ڈائریکٹر شعبہ داخلہ اور ملک بھر میں موجود یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر کے ڈائریکٹرز کو یکم اگست سے شروع ہونے والے سمسٹر خزاں 2016ء کے داخلوں میں اپنے اپنے ریجن میں 10۔

فی صد داخلے بڑھانے کا ٹاسک دے دیا ہے۔ وائس چانسلر نے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں نئے داخلوں کے بارے میں بروقت ایک جامع مہم چلائیں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو یونیورسٹی کے تعلیمی نیٹ میں لایا جائے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے انہیں یقین دلایا ہے کہ اس سلسلے میں یونیورسٹی کی جانب سے انہیں بھر پور سپورٹ فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں تاکہ طلبہ کا یونیورسٹی پر اعتماد مزید بڑھے۔

قبل ازیں شعبہ داخلہ کے ڈائریکٹر ‘ سید ضیاء ا لحسنین نے وائس چانسلر کو سمسٹر بہار 2016ء کے داخلوں کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ داخلوں کے بارے میں وائس چانسلر کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سمسٹربہار2016ء میں پیش کئے گئے میٹرک سے پوسٹ گریجویٹ سطح تک کے مختلف پروگرامز میں داخل شدہ تمام طلباء و طالبات کے کوائف یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.aiou.edu.pkپر فراہم کردئیے گئے ہیں اور اعتراض شدہ داخلہ فارموں کی اطلا ع تمام طلباء و طالبات کو بذریعہ رجسٹرڈ ڈاک ارسال کردی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اگر کسی کو اعتراض نامہ ابھی تک نہ ملا ہو تو وہ بھی یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے چیک کرکے اپنے داخلہ کے بارے میں اعتراض دور کرسکتے ہیں۔ ڈائریکٹر شعبہ داخلہ نے ان طلباء و طالبات کو جن کے کوائف یونیورسٹی کی ویب سائٹ کے ایڈمیشن کنفرمیشن یا ابجیکشن ایریا پر موجود نہیں ہیں ‘ ہدایت کی ہے کہ پہلے سے داخل طلباء و طالبات یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے Continue داخلہ فارم ڈاؤن لوڈ کرکے مکمل کریں اور رسید نمبر 4کی فوٹو کاپی لف کرکے شعبہ داخلہ کو ارسال کریں اور سمسٹربہار 2016ء کے لئے نئے داخلے کے امیدوار یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے ڈپلیکیٹ داخلہ فارم ڈاؤن لوڈ کرکے مکمل کریں اور تصدیق شدہ تمام کاغذات مع ایک عدد تصویر اور رسید نمبر 4کی فوٹو کاپی لف کرکے شعبہ داخلہ کو ارسال کریں۔

ڈائریکٹر شعبہ داخلہ نے کہا ہے کہ تمام درخواستیں 20۔جون 2016ء تک شعبہ داخلہ میں موصول ہوجانی چاہئیں ‘ بصورت دیگر سمسٹربہار2016ء میں ان کا داخلہ ممکن نہ ہو سکے گا۔انھوں نے کہا ہے کہ داخلوں کے امور پر عمل درآمد صرف شعبہ اکاؤنٹس سے فیس کی تصدیق کے بعد ہی ممکن ہوگا۔ ڈائریکٹر شعبہ داخلہ نے کہا ہے کہ 20۔جون2016ء کی مقررہ تاریخ کے بعد وصول ہونے والے فارم پر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جائے گی اور نہ ہی کوئی عذر قبول کیا جائے گا۔

طلبہ و طالبات اپنے داخلوں کے بارے میں مزید معلومات کے لئے میٹرک سیکشن )فون نمبر 051-9057431 ( ‘ ایف اے (051-9057432) ‘ بیچلرپروگرامز (051-9057435) ‘ پی ٹی سی ‘ سی ٹی (051-9057421)‘ بی ایڈ (051-9057760)‘ پوسٹ گریجویٹ (051-9057422, 05109057425)اور انفارمیشن یونٹ کے فون نمبر 051-9057151پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :