وزیراعظم نوازشریف نے رمضان کے آخری عشرے میں سعودی عرب جانے کی تیاریاں شروع کردیں

ڈاکٹروں سے آئندہ ایک دوروزکے دوران فضائی سفرکی باضابط اجازت بھی لے لی جائے گی -ذرائع

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 20 جون 2016 15:50

وزیراعظم نوازشریف نے رمضان کے آخری عشرے میں سعودی عرب جانے کی تیاریاں ..

لندن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20جون۔2016ء) وزیراعظم میاں نوازشریف نے رمضان کے آخری عشرے میں لندن سے سعودی عرب جانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں-لندن سے ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈاکٹروں سے آئندہ ایک دوروزکے دوران فضائی سفرکی باضابط اجازت بھی لے لی جائے گی جس کے بعد وزیراعظم نوازشریف اپنے خاندان کے ہمراہ لندن سے سعودی عرب روانہ ہوجائیں گے-ذرائع نے بتایا ہے کہ اس سلسلہ میں مسلم لیگ نون برطانیہ کے ایک اہم عہدیدارنے ایک عرب فضائی کمپنی کے ٹکٹ بک کروائے ہیں پندرہ کے قریب بک کروائے جانے والے ٹکٹس میں شریف خاندان کے افراد کے علاوہ مسلم لیگ نون برطانیہ کے کچھ عہدیدار اور حکومتی وزراءبھی اس کے ساتھ سعودی عرب جائیں گے-جبکہ پاکستان سے وزیراعلی پنجاب میاں شہبازشریف کا خاندان اور مریم نوازسمیت اہم حکومتی وزراءاور جماعت کے سنیئرعہدیدران سعودی عرب جائیں گے- وزیراعظم نوازشریف رمضان کے آخری عشرے میں اپنے خاندان کے ساتھ عمرہ اداکریں گے- ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف خاندان کے درمیان پاناما لیکس میں سامنے آنے والے اثاثہ جات پر شدید اختلافات پائے جاتے ہیں -پانامالیکس میں سامنے آنے والے اثاثہ جات کو خاندان کے تقسیم شدہ اثاثہ جات میں شامل نہیں کیا گیا تھا-لہذا شہبازشریف فیملی ان میں بھی اپنا حصہ چاہتی ہے کیونکہ لندن کے فلیٹ آف شور کمپنیوں کے ذریعے خاندان میں جائیداد کی تقسیم سے پہلے خریدے گئے تھے-جن کی ویلیو آج اربوں پاﺅنڈ ہے-ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مشترکہ کاروباری کمپنیوں کے نام پر کچھ بے نام بنک آکاﺅنٹس بھی کھولے گئے جن میں کروڑوں ڈالرجمع کروائے گئے ان اکاﺅنٹس کا ذکر بھی خاندان میں جائیدادکی تقسیم کے وقت نہیں کیاگیا-ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف عیدالفطرکے بعد مختصرمدت کے لیے وطن واپس آئیں گے جس کے بعد وہ طبی معائنے کے لیے دوبارہ لندن روانہ ہوجائیں گے-