خواجہ سعد رفیق بھولے بننے کی کوشش کررہے ہیں،حالانکہ وہ اس حقیقت سے انکار نہیں کر سکتے کہ پاکستان کے اندر اور عالمی سطح پر جب کبھی کرپشن کے چرچے ہوئے تو اس میں ن لیگ کی قیادت کا ہی نام آیا ہے

پاکستان پیپلز پارٹی کی اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر شاہدہ رحمانی اور ڈاکٹر مہرین بھٹو کا بیان

پیر 20 جون 2016 21:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 جون ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر شاہدہ رحمانی اور ڈاکٹر مہرین بھٹو نے وفاقی وزیر برائے ریلویز خواجہ سعید رفیق کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کے خلاف بے بنیاد تنقید کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں خبردار کیا ہے کہ وہ غیر ذمہ دارانہ بیانات سے گریز کریں وگرنہ اب تک جو کچھ عوام سے پوشیدہ ہے اسے بھی بے نقاب کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق بھولے بننے کی کوشش کررہے ہیں،حالانکہ وہ اس حقیقت سے انکار نہیں کر سکتے کہ پاکستان کے اندر اور عالمی سطح پر جب کبھی کرپشن کے چرچے ہوئے تو اس میں ن لیگ کی قیادت ہی کا نام آیا ہے، انہوں نے کہا کہ درحقیقت ن لیگ کی قیادت سمیت تمام لوگ آمریت کی گود میں پل کر جوان اور اب بوڑھے ہورہے ہیں یہی وجہ ہے کہ ن لیگ جب بھی اقتدار میں آئی ہے تو اس کا طرز حکمرانی سول مارشل لاء جیسا ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس ہو یا کرپشن کی کوئی اور کہانی سب کے تانے بانے تخت رائے ونڈ سے جاملتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ن لیگ پاکستان کو اندر سے کھوکھلا کرنے پر تلی ہوئی ہے اور آئی ایم ایف کی ایما پر منظور نظر افراد کو ملکی اثاثے کوڑیوں کے داموں فروخت کئے جارہے ہیں، انہوں نے خواجہ سعید رفیق سے کہا کہ وہ دوسروں پر بلاوجہ تنقید کرنے سے قبل اپنا بھی گریبان جھانک لیا کریں۔