دریائے راوی اور بی آر بی میں نہاتے ہوئے چھ نوجوان ڈوب گئے

پیر 20 جون 2016 23:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 جون ۔2016ء ) دریائے راوی اور بی آر بی میں نہاتے ہوئے چھ نوجوان ڈوب گئے،ایک نوجوان جاں بحق جبکہ ریسکیو ٹیموں نے چار افراد کو ریسکیو کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کردیا۔تفصیل کے مطابق ہئیرکے علاقے کھیرا پل کے قریب دو نوجوان نہانے میں مصروف تھے کہ اسی دوران دونوں گہرے پانی میں ڈوب گئے۔

(جاری ہے)

راہگیروں نے نوجوانوں کو ڈوبتے دیکھ کر ریسکیو کو اطلاع کر دی ریسکیو ٹیموں نے امدادی کاروائیاں کرتے ہوئے ایک نوجوان کی لاش نکال لی جبکہ دوسرے کے لئے آپریشن جاری رکھا گیا۔

دوسری طرف شاہدرہ کے علاقے سگیاں کے قریب دریائے راوی میں چار دوست نہاتے ہوئے ڈوب گئے جن میں سے تین افراد کو ریسکیو ٹیموں نے آپریشن کرتے ہوئے نکال لیا جبکہ ایک نوجوان حضر حیات کے بارے پتہ نہیں چل سکا۔ ریسکیو ٹیموں نے اندھیرا چھانے کے باعث آپریشن روک دیا ریسکیو ٹیموں کے مطابق صبح دوبارہ آپریشن شروع کیا جائے گا۔