شاہ عبدالطیف بھٹائی اور حضرت سچل سرمست نے امن،محبت اور انسانیت کے خدمت کا درس دیا،

سید قائم علی شاہ

پیر 20 جون 2016 23:18

سکھر۔ 20جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 جون ۔2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ شاہ عبدالطیف بھٹائی اور حضرت سچل سرمست بین الاقوامی سطح کے آفاقی شاعر اور معاشرے کے لیے عظیم صوفی بزرگ تھے حضرت سچل سرمست دنیا کے پہلے ہفت زبان شاعر تھے جنہوں نے اپنی شاعری میں امن پیار محبت اور انسانیت کے خدمت کا درس دیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت سچل سرمست کے سالانہ 195 ویں عرس کے موقع پر درگاہ حضرت سچل سرمست کے زار پر چادر چڑھا کر عرس کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے درگاہ حضرت سچل سرمست کے مزار کی ریہبلیٹیشن اور دیگر تعمیرات کے لیے 77.650 ملین روپے کی اسکیم کا سنگ بنیاد رکھا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ شاہ عبدالطیف بھٹائی نے کہا تھا کہ جو دیگ انہوں نے پکائی ہے اس کا ڈکھن سچل سرمست اتاریں گے صوفی ازم کی راہ پرچلنے سے ملک میں تفرقہ ، مذہبی جھگڑے، انارکی کو ختم کیا جاسکتا ہے اور امن و پیار محبت کا بول بالا کیا جاسکتا ہے دنیا بھر میں آج صوفی بزرگ اور اولیاء االلہ کو یادکیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ 1959 میں حضرت سچل سرمست کے عرس کو منانے کے لیے ھادی بخش لاڑک کے ساتھ انہوں نے سچل یادگار کمیٹی بنائی اور آج سچل سرمست کا عرس کو بین الاقوامی شہرت حاصل ہے دنیا بھر سے معتقدین آتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے بلا تفریق تین لاکھ سے زائد بیروزگاروں کو روزگار فراہم کیا ہے اور سندھ کے 2016-17 کے بجٹ میں پچاس ہزار نوکریوں کے لیے منصوبہ بندی کی گئی ہے جو میرٹ کی بنیادپر دی جائیں گی انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صحت اور تعلیم کے شعبوں پر بھرپور توجہ دے رہی ہے ڈیڑھ ارب روپے ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے رقم مختص کی ہے خیرپور میں برن سینٹر آئندہ چھ ماہ میں مکمل ہوجائے گا سندھ میں 9 نئی یونیورسٹیاں بنائی ہیں اور چار مزید بنائیں گے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سچل سرمست کے فقیروں کو سلام پیش کرتے ہوئے ان کی فن کی تعریف کی اس موقع پر درگاہ حضرت سچل سرمست کے سجادہ نشین پیر عبدالحق فاروقی سوئم نے درگاہ حضرت سچل سرمست کے مزار پر ہونے والے ترقیاتی کام پر پیپلز پارٹی اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم شاہ کی خدمات کو سراہا۔

تقریب سے وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اوقاف و مذہبی امور سینیٹر ڈاکٹر عبدالقیوم سومرو ، کمشنر سکھر ڈویژن محمدعباس بلوچ، چیئرمین سچل یادگار کمیٹی و ڈپٹی کمشنر خیرپور فیاض احمد جتوئی ، ادیب مختیار ملک اور دیگر نے خطاب کیا ۔ تقریب کے دوران چیئرمین سچل یادگار کمیٹی فیاض احمد جتوئی نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو سچل ایوارڈ دیا جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے درگاھ کے سجادہ نشین پیر عبدالحق فاروقی کو سچل ایوارڈ دیا اسی طرح لائف اچومنٹ ایوارڈ سندھ کے نامور ادیب ایاز گل، ڈاکٹر ادل سومرو، مرحوم آغا سلیم ، بہترین ورکر سعید منگی، صحافی خان محمد ، بہترین صحافی اظہر مولائی ، بہترین مصنف زیب نظامانی ، بہترین عبدالغفار تبسم، بہترین صوفی شاعر اختر درگاہی ، بہترین گائیک جنسار سمون،بہترین صوفی فقیر کھوکھر، ملھ پہلوان محمد خان پھل ، بہترین سگھڑ ملہار خان بہترین ورکر محمد بخش، اسکاؤٹ عبدالجبار شیخ ، ریسکیوٹیم عبدالحق چیمہ، کے وائی سی کے عمر شاہ ، رمیز سومرو،حسین بخش رڈ، محمد بخش ابڑو اور دیگر کو شیلڈ اور ایوارڈ دیے گئے اس موقع پر سچل یادگار کمیٹی کے لال بخش منگی، سید امجد شاہ جیلانی ، مظہر خان ،سیکریٹری اوقاف ریاض احمد میمن، ڈی جی ثقافت منظور کناسرو، ڈی آئی جی سکھر فیروز شاہ، ایس ایس پی اظفر مہیسر،سچل یادگار کمیٹی کے فوکل پرسن اے ڈی سی ٹو ریاض حسین وسان، اے ڈی سی جنرل یوسف شیخ اور دیگر موجو دتھے۔

متعلقہ عنوان :