علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور چین کی یونان اوپن یونیورسٹی کے مابین براہ راست رابطوں اور دوطرفہ مفاد کے باہمی تعاون کا معاہدہ

بدھ 22 جون 2016 16:42

اسلام آباد ۔ 22 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22 جون ۔2016ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پاک چین اقتصادی راہداری کی طرز پر ”تعلیمی کوریڈور“ کی خواہش رکھتی ہے اور اس تعلیمی کوریڈور میں لیڈنگ کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے ‘ دونوں ممالک کی اوپن یونیورسٹیز چینی صدرکے ”ایک بیلٹ ایک روڈ“ کے منصوبے کو آگے بڑھانے میں دانشوارانہ ان پٹ اور تعلیمی مدد فراہم کر سکتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے اوپن یونیورسٹی اور چین کی یونان اوپن یونیورسٹی کے مابین براہ راست رابطوں اور دوطرفہ مفاد کے باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط کی تقریب کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کیا۔ ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ دونوں ممالک کی اوپن یونیورسٹیوں کے مابین معاہدے سے پاک چین اقتصادی راہداری کو تعلیمی سپورٹ فراہم ہو گی اور اوپن یونیورسٹی میں چائنیز لینگویج سینٹرکے قیام میں بھی مفید ہوگا۔

(جاری ہے)

معاہدے کے مطابق دونوں ممالک کی اوپن یونیورسٹیز مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں ‘ آن لائن ٹیچنگ ‘ نصاب اور تعلیمی پروگرامز کی تیاری ‘ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ایک دوسرے کے تعلیمی پروگراموں ‘ سیمینارز ‘ ورکشاپس اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکیں گی۔ معاہدہ کے مطابق اوپن یونیورسٹی میں چائنیز لینگویج سینٹر قائم کیا جائے گا اور اوپن یونیورسٹی اپنے تعلیمی پروگرامز میں چائنیز کورسز بھی شامل کرے گی۔

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ‘ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کی طرف سے یونیورسٹی کے شعبہ بین الاقوامی تعاون کے ڈائریکٹر زاہد مجید نے جبکہ چین میں یونان اوپن یونیورسٹی کے پریذیڈنٹ دو جونان نے معاہدے پر دستخط کئے ۔دستخطوں کی تقریب چین کے یونان صوبے کے دارالحکومت کنمنگ میں منعقد ہوئی۔ سینئر فیکلٹی ممبر ‘ زاہد مجید بھی وائس چانسلر کے ہمراہ ہیں۔

دونوں یونیورسٹیز کے مابین معاہدہ کے مطابق علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں چائنیز لینگویج سینٹر قائم کیا جائے گا۔ معاہدہ کے مطابق پاک چین کی دونوں یونیورسٹیز مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں ‘ مشترکہ ٹیچنگ ‘ نئے ڈگری اور تربیتی پروگراموں کی تیاری ‘ مشترکہ مفاد کے نصاب اور تعلیمی پروگرامز کی تیاری ‘ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ایک دوسرے کے تعلیمی پروگراموں ‘ سیمینارز ‘ ورکشاپس اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکیں گے۔

دونوں یونیورسٹیوں کے مابین معاہدے کے تحت ریسرچ ٹیچنگ اور بحث مباحثے کیلئے سٹاف اور گریجویٹ سطح کے طالب علموں کے باہمی تبادلے کی راہیں بھی ہموار ہوگئی ہیں۔ معاہدے کے مطابق دونوں یونیورسٹیز طلبہ کے لئے ریسرچ اور پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے مواقع بھی پیدا کریں گے۔معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین میں یونان اوپن یونیورسٹی کے پریذیڈنٹ ایکس یو بن نے کہا کہ چین پاکستان کا ہمسایہ ملک ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں اور چین پاکستان کی ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی یونیورسٹیوں کے مابین اس معاہدے سے تعلیمی شعبے میں تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

متعلقہ عنوان :