مشتاق احمدخان کا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام پر گہرے دکھ کا اظہا ر

پیر 11 جولائی 2016 22:48

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 جولائی ۔2016ء) امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمدخان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید کئے گئے حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان مظفروانی کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہا رکرتے ہوئے کہا ہے کہ برہان مظفر وانی کے شہادت سے بھارتی فوج کی طرف سے ظلم و جبر کی نئی مثال قائم کی گئی ہے ۔

مقبوضہ کشمیر میں قابض ہندوستانی فوج نے مظالم کی انتہا کردی ہے۔برہان مظفر وانی پاکستان اور عالم اسلام کے ہیر و ہیں جنہوں نے چھوٹی سے عمر میں بہادری ، جرات ، بہادری ، حریت پسندی کی اعلیٰ ترین مثال قائم کردی اور اپنی خون سے دنیا بھر کے مظلوم انسانوں کو آزادی و حریت کا پیغام دیا۔ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں شہر ویران اور قبرستان آباد کیئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

لاکھوں بچوں ‘ بوڑھوں خواتین اور جوانوں کو بے دردی سے شہید کرنے کے باوجود وہ آزادی کی تحریک کو دبا نہیں سکا۔بے پناہ مظالم کے باوجود کشمیری عوام آزادی کے حصول کیلئے ڈٹے ہوئے ہیں پہلے سے زیادہ جوش و جذبہ کیساتھ کام کررہے ہیں۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کرینگے ۔ ہندوستان کیساتھ دوستی اور یاری کا نعرہ لگانا کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی ہے۔

وہ حیات آباد پشاور میں جماعت اسلامی ٹاؤن تھری کے زیر اہتمام عید ملن پارٹی سے خطاب کررہے تھے۔ عید ملن پارٹی سے نائب امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمداقبال خلیل، امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور صابرحسین اعوان ، میاں انور سعید ، امیر جماعت اسلامی ٹاؤن تھری عتیق الرحمان نے بھی خطاب کیا۔ صوبائی امیر مشتاق احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ برہان مظفر وانی کوفوجی جھڑپ میں شہید کیا گیا اور بعدازاں ان کے جنازے پر فائرنگ کر کے 20 مزیدلوگوں کو شہید اور درجنوں کو زخمی کر دیا گیا ۔

ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ پاکستانی عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور وہ ان کی جدوجہد آزادی کی پر زور حمایت کرتے ہیں ۔ کشمیری عوام بھارت سے آزادی حاصل کر کے دم لیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف بھارتی فوج کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہے۔حکمرانوں کی بھارت نواز پالیسیوں کی وجہ سے لاکھوں قربانیاں دینے کے باوجود کشمیری آزادی کی منزل سے دور ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی قومی موقف ہے جس سے انحراف کرنے والوں کو اس قوم نے کبھی برداشت نہیں کیا اور انہیں اقتدار کے ایوانوں سے نکال باہر کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری تکمیل پاکستان کی جدوجہد کررہے ہیں ۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور جب تک ہماری شہ رگ دشمن کے قبضہ میں ہے پاکستان نامکمل ہے ۔