بیانات کافی نہیں بھارت سے سفارتی تعلقات ختم کیئے جائیں:حریت راہنماءآسیہ اندرابی کا پاکستان سے مطالبہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 14 جولائی 2016 12:57

بیانات کافی نہیں بھارت سے سفارتی تعلقات ختم کیئے جائیں:حریت راہنماءآسیہ ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14جولائی۔2016ء) حریت رہنما آسیہ اندرابی نے پاکستان سے بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے -ان کا کہنا ہے کہ ہندوستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں فورسز کی جانب سے کیے جانے والے مظالم پر پاکستان کی صرف مذمت کافی نہیں، اس مسئلے کے حل کے لیے بیانات سے آگے بڑھ کر کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے آسیہ اندرابی کا کہنا تھا کہ مذمتی بیانات تو ہر طرف سے آتے ہیں، لیکن ہمیں چاہیے کہ مذمت سے آگے بڑھ کر کچھ عملی اقدامات کریں۔حریت رہنما کا کہنا تھا کہ انھوں نے پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ کچھ وقت کے لیے ہندوستان کے ساتھ تمام تر سفارتی تعلقات کو معطل کردے تاکہ دنیا اس مسئلے کو سمجھنے کی کوشش کرے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ جس طرح بنگلہ دیش میں جماعتِ اسلامی کے اراکین کو پھانسیاں دی گئیں تو ترکی نے وہاں سے اپنے سفیر کو واپس بلایا تھا، تو اسی طرح اب پاکستان کو بھی چاہیے کہ وہ کشمیریوں کے قتل عام پر احتجاج کرتے ہوئے پاکستانی سفیر عبدالباسط کو واپس بلائے۔آسیہ اندرابی کا مزید کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے کہ پاکستان امریکا کی وجہ سے اس معاملے میں زیادہ دلچسپی نہ لے رہا ہو، لیکن ا±سے امریکا سے زیادہ اپنے مفاد کے بارے میں بھی سوچنا چاہیے، کیونکہ پاکستان کا استحکام مسئلہ کشمیر کے ساتھ منسلک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی بہت کمزور ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ ہندوستان کے ساتھ اس معاملے پر سخت احتجاج کرنے سے قاصر ہے۔واضح رہے کہ ہندوستان کے زیرِانتظام کشمیر میں سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین میں ہونے والی حالیہ جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد اب تک 38 ہوچکی ہے، جبکہ درجنوں زخمی ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔ 8 جولائی کو ہندوستانی سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد سے کشمیر کے مختلف علاقوں میں کشیدگی پائی جاتی ہے اور مشتعل افراد ہندوستان کے خلاف مظاہرے کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :