بھارت بے گناہ کشمیریوں کا خون بہاکر پرُامن تحریک آزادی کو ختم نہیں کر سکتا،برجیس طاہر

21جولائی کو ووٹ کی طاقت سے آزادکشمیر سے کرپشن ،نااہلی اور زورزبردستی کی سیاست کا خاتمہ کردیں گے،بیان

ہفتہ 16 جولائی 2016 22:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 جولائی ۔2016ء ) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ بھارت بے گناہ اورنہتے کشمیریوں کے خون بہانے سے پرُامن تحریک آزادی کا کسی صورت میں خاتمہ نہیں کر سکتا بلکہ تاریخ اس ا مر کی گواہ ہے کہ جیسے جیسے بھارت نے کشمیریوں پر ظلم و مظالم میں اضافہ کیا ایسے ایسے تحریک آزادی کو ایک نئی زندگی ملی۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت کی صورت میں تحریک آزادی کشمیر نے ایک نیا رخ اپنا لیا ہے اور اب یہ تحریک مقبوضہ کشمیر کے پڑھے لکھے نوجواں کی زندگی کا نصب العین بن چکی ہے جسے ختم کرنا نہ پہلے بھارت کے بس کی بات تھی اور نہ اب ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چندسالوں سے تحریک آزادی مقبوضہ کشمیر کے پڑھے لکھے طبقے کی زندگیوں کا حصہ بن چکی ہے جس کا اقرارخود بھارتی حکومت اور اس کے فوجی جرنیلوں نے کیاہے وفا قی وزیر نے کہا کہ تاریخ میں کوئی بھی ملک طاقت کے بل بوتے پر کسی دوسری قوم کو زیادہ عرصے تک محکوم نہیں رکھ سکا۔

(جاری ہے)

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے پاکستان سے کشمیر جانے کے لیے متعدد راستے ہیں اور بھارت کے پاس صرف ایک راستہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو فوراً بھارتی جارحیت کا نوٹس لینا چاہیے اور اس مسئلے کے حل لیے بامقصد مذاکرات کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ 21جولائی کو ووٹ کی طاقت سے آزادکشمیر سے کرپشن ،نااہلی اور زورزبردستی کی سیاست کا خاتمہ کردیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ یوم حساب آ پہنچا ہے ،21 جولائی احتساب کا دن ہے ،آزادکشمیر کے باشعور عوام اُن طاقتوں کا ضرور محاسبہ کریں گے جو دیہایوں سے کشمیر ی عوام کے وسائل کو کرپشن، ذاتی مفادکی نظر کر رہے ہیں ۔کامیابی کے بعد مسلم لیگ(ن) آزادکشمیر میں ایک گڈ گورننس کے حوالے سے مثالی حکومت قائم کریں گے۔

متعلقہ عنوان :