پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے اور گوادر پورٹ کی تعمیر سے بلوچستان میں خوشحالی آئے گی

صدر ممنون حسین کی گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی سے ملاقات میں گفتگو

منگل 26 جولائی 2016 17:37

اسلام آباد ۔ 26 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 جولائی ۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے بلوچستان میں ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے اور گوادر پورٹ کی تعمیر سے بلوچستان میں خوشحالی آئے گی۔ یہ بات انہوں نے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی سے منگل کو ایوان صدر میں ملاقات کے دورا ن کہی۔

(جاری ہے)

گورنر بلوچستان نے صدر مملکت کو بلوچستان کی مجموعی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہوئی ہے۔ صدر مملکت نے بلوچستان کی سیکورٹی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت خطے میں امن کے لئے کوشاں ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت بلوچستان کو دوسرے صوبوں کے برابر لانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادری راہداری منصوبے سے بلوچستان میں ترقی کی راہیں ہموار ہوں گی اور وہاں کے نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع ملیں گے جس سے ان کی زندگیوں میں نمایاں تبدیلی آئے گی۔