پاکستانی سکالر امجد خان کو آکسفورڈ یونیورسٹی کی طرف سے نامیاتی کیمیا میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری عطاء کی گئی

منگل 26 جولائی 2016 17:37

پاکستانی سکالر امجد خان کو آکسفورڈ یونیورسٹی کی طرف سے نامیاتی کیمیا ..

اسلام آباد ۔ 26 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 جولائی ۔2016ء) خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ کے دور افتادہ علاقے مٹہ مغل خیل سے تعلق رکھنے والے پاکستانی سکالر امجد خان کو آکسفورڈ یونیورسٹی کی طرف سے نامیاتی کیمیا میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری عطاء کی گئی ہے۔ امجد خان نے یونیورسٹی آف آکسفورڈ سے ایم ایس سی (تحقیق) اور بعد ازاں نامیاتی کیمیا میں ڈاکٹر آف فلاسفی کی ڈگری حاصل کی۔

انہوں نے اپنی پی ایچ ڈی کی تعلیم کے دوران آکسفورڈ یونیورسٹی پاکستان سوسائٹی کے لئے ایونٹس کوآرڈینیٹرز اور سیکریٹری کی حیثیت سے فرائض بھی انجام دیئے۔ امجد خان نے بتایا کہ انہوں نے سخت محنت سے یونیورسٹی آف آکسفورڈ جیسے باوقار ادارے سے نامیاتی کیمیا میں ڈاکٹر آف فلاسفی کی ڈگری حاصل کرنے کی منزل پائی۔

(جاری ہے)

آئندہ کے منصوبوں کے بارے میں استفسار پر انہوں نے بتایا کہ وہ تعلیمی پالیسی میں حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پرائمری سے لے کر اعلیٰ تعلیم تک ہماری موجودہ تعلیمی پالیسی پاکستان کو درپیش سماجی و اقتصادی چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کے لئے مرتب نہیں کی گئی۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان میں تعلیم ایک کاروبار بن چکی ہے جبکہ تحقیق و ترقی پر بہت کم توجہ دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس اور کینسر جیسی بیماریوں کے علاج کے لئے پاکستان میں بمشکل ہی کوئی بین الاقوامی مسلمہ دوا دریافت ہوئی ہے۔

ایک قومی ادارے کی تشکیل کے اعلیٰ مقصد کو اجاگر کرتے ہوئے امجد خان نے بتایا کہ وہ پاکستان میں ان بچوں کو تعلیم کے لئے سرمایہ فراہم کرنے کے خواہاں ہیں جو سکول جانے کی بجائے اپنے خاندان کے لئے آمدنی کے ذریعے کے طور پر کام یا بھیک مانگنے پر مجبور ہیں۔