ڈاکٹر حضرات تحمل ،برداشت اور جذبے کے ساتھ مریضوں کا علاج کریں ،چند روپے کی خاطر ہڑتال کرنا، غریب مریضوں کومسائل کاشکار کرنا کسی طوربھی ڈاکٹری جیسے مقدس پیشے کے شایان شان نہیں ،ڈاکٹروں کے اعزازیہ میں اضافہ کا دیرینہ مطالبہ پورا کردیا ہے،شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کاتقریب سے خطاب

جمعہ 19 اگست 2016 16:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 اگست ۔2016ء) شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاہے کہ ڈاکٹر حضرات تحمل ،برداشت اور جذبے کے ساتھ مریضوں کا علاج کریں ،چند روپے کی خاطر ہڑتال کرنا اور غریب مریضوں کومسائل کاشکار کرنا کسی طوربھی ڈاکٹری جیسے مقدس پیشے کے شایان شان نہیں ہے ،ڈاکٹروں کے اعزازیہ میں اضافہ کا دیرینا مطالبہ پورا کردیا ہے اب انہیں چاہیے کہ مریضوں کے علاج پر توجہ مرکوز کریں اور کہاہے کہ جنرل ڈاکٹرزکے لیے چارسالہ ٹائم سکیل پروموشن فارمولااور پی جی ٹریننگ کی بھی منظور ی دی گئی ہے جس سے اس شعبہ میں کام کرنے والوں کو فائدہ ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈاکٹرز کے اعزازیہ میں اضافہ کے حوالے سے اظہار تشکر کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلرعابد فاروقی، عائشہ مجید عیسانی سمیت ڈاکٹرز کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ وائس چانسلر نے اعزازیہ کی منظوری پر حکومت پاکستا ن بالخصوص وزیر خزانہ اسحق ڈار کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ ڈاکٹر وں کا دیرینا مطالبہ جو کہ ان کا حق تھا منظور کرایا گیاہے جس پر یہ سب مبارکباد کے مستحق ہیں اب انہیں چاہیے کہ مریضوں بالخصوص دوردراز سے آنے والے غریب مریضوں کے علاج پر توجہ دیں اور اپنے پیشے کے تقدس کا احترام کرتے ہوئے کسی بھی قسم کے احتجاج ،ہڑتال اور جلسے جلوسوں پر توجہ کم کریں۔

انہوں نے کہاکہ پمز میں تمام ضروری مراعات فراہم کی جارہی ہیں اور علاج معالجہ پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے۔تقریب میں وائس چانسلر نے تمام ڈاکٹروں سے احتجاج کی بجائے مریضوں پر توجہ دینے کا حلف لیا جبکہ ڈاکٹروں کی جانب سے مٹھائی تقسیم کی گئی۔