ملک میں افراتفری پیدا کرکے وطن کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے کی سازش کی جارہی ہے،چوہدری منظور حسین

میڈیا ہاؤسز پر حملے قابل مذمت ،مشکل کی اس گھڑی میں صحافی برادری کے ساتھ ہیں،نومنتخب چیئرمین

جمعرات 25 اگست 2016 21:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 اگست ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماویوسی 19 ترلائی کلاں اسلام آباد سے نومنتخب چودھری منظور حسین نے کہاہے کہ کراچی میں میڈیا ہاؤسز پر حملہ کرنے والے ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں،الطاف حسین کے بیانات پر فوری کارروائی ہونی چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملک میں افراتفری پیدا کرکے اس وطن عزیز کی جڑوں کوکھوکھلا کرنے والوں کے خلاف رینجرز کی کارروائیاں احسن اقدام ہے،ملک دشمن عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹنا عصرحاضر کا تقاضاہے، قوم متحد ہے ایسی سازشوں کے خلاف سینہ سپر پاکستانی قوم کے عزم و ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔

اپنے بیان میں چودھری منظور حسین نے کہاکہ میڈیا ریاست کا اہم اور چوتھا ستون ہے مشکل کی اس گھڑی میں صحافی برادری کے ساتھ ہیں،قانون ہاتھ میں لینے والوں کو سخت سے سخت سزادی جائے ایسے لوگ رحم کے قابل نہیں جو ملک کی بقا، سلامتی اور استحکام کیلئے خطرہ ہوں۔نومنتخب چیئرمین چودھری منظور حسین نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف کی قیادت میں ملک معاشی قوت بننے جا رہا ہے ،اس ملک کو ایٹمی قوت بنانے والی جماعت ایک بارپھر اس ملک کے استحکام اور دفاع کے لئے مربوط اور جامع پالیسیاں ترتیب دے رہی ہے۔