Live Updates

عمران خان رائیونڈ جانے کی بجائے احتجاج کی جگہ تبدیل کریں، سپیکر قومی اسمبلی کیخلاف متفقہ قرارداد لائی گئی تواپوزیشن کاساتھ دینگے ،کراچی میں ایم کیو ایم کی جگہ پیپلزپارٹی کوکامیاب کرانافرمائشی الیکشن تھا

چیئرمین عوامی راج پارٹی ورکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی ملتان میں میڈیا سے گفتگو

جمعہ 9 ستمبر 2016 22:28

عمران خان رائیونڈ جانے کی بجائے احتجاج کی جگہ تبدیل کریں، سپیکر قومی ..

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 ستمبر ۔2016ء) عوامی راج پارٹی کے چیئرمین ورکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے عمران خان کو مشورہ دیاہے کہ وہ رائیونڈ جانے کی بجائے احتجاج کی جگہ تبدیل کریں۔ سپیکر قومی اسمبلی ایازصادق کیخلاف متفقہ قرارداد لائی گئی تواپوزیشن کاساتھ دینگے ،کراچی میں ایم کیو ایم کی جگہ پیپلزپارٹی کوکامیاب کرانافرمائشی الیکشن تھا ۔

وہ جمعہ کو چوک گھنٹہ گھرملتان میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ وہ آج اپنی جماعت عوامی راج پارٹی کی رکنیت سازی مہم کا آغاز چوک گھنٹہ گھر سے کریں گے۔ جمشید دستی نے کہاکہ مجھے عمران خان سے کوئی گلہ نہیں لیکن ان کی جماعت جاگیرداروں سے بھری ہوئی ہے۔ جن سے انصاف کی کوئی توقع نہیں ہے۔ میں نے عمران خان سے کہاتھا کہ وہ کسی کے گھر جا کر احتجاج نہ کریں اگر خدانخواستہ کوئی تصادم ہوا تو بہت سی جانیں ضائع ہوسکتی ہیں۔

(جاری ہے)

اس لئے عمران خان کو چاہئے کہ وہ رائیونڈ کی بجائے کسی اور جگہ احتجاج کریں اورمجھے توقع ہے کہ وہ جگہ تبدیل کرلیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی او ر نواز شریف میں مک مکا کی سیاست ہے۔ عمران خان کوچاہئے کہ وہ پیپلزپارٹی سے الگ ہو کر اپوزیشن کریں کیونکہ پیپلز پارٹی حکومت کی بی ٹیم ہے۔ اگر جماعت اسلامی ‘تحریک انصاف‘طاہر القادری سمیت تمام اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف کوئی لائحہ عمل بناتی ہیں یا سپیکر ایاز صادق کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جاتی ہے تو ان کا ساتھ دینگے۔

ایک سوال کے جواب میں جمشید دستی نے کہا کہ کراچی میں حالیہ ضمنی الیکشن فرمائشی الیکشن تھا کیونکہ الطاف حسین کی ہرزہ سرائی کے بعد انہیں سکرین سے ہٹانا ضروری تھا اس لئے پیپلز پارٹی کو کامیاب کرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین پر پابندی سے قبل ایم کیو ایم بنوانے والے سہولت کاروں پر پابندی عائدکی جائے اور صرف الطاف حسین ہی نہیں محمود اچکزئی‘فضل الرحمان اور دیگر پاکستان مخالف قوتوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے خلاف بھی فوج نے ایکشن لیا ہے حکومت میں اتنی جرات نہیں تھی کہ وہ ان کے خلاف ایکشن لیتی جمشید دستی نے کہا کہ وہ آج چوک گھنٹہ گھر پرجھاڑو دے کرسرائیکی خطہ کے روایتی جاگیرداروں اورجعلی گدی نشینوں کاصفایا کرینگے اورملتان سے رکنیت سازی مہم کا آغاز کرنے کے ساتھ ساتھ نومبر میں جلسہ عام کی تاریخ کابھی اعلان کرینگے عوامی راج پارٹی کے منشورمیں صدر اور مزدور کی تنخواہ برابر ہوگی کیونکہ98فیصد مزدور طبقات کا ساتھ دینے کے لئے میں نے جھاڑو کا نشان لیا ہے80لاکھ کی گاڑی میں پھرنے والاجاگیردار کبھی جھاڑو نہیں تھام سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو پانامہ لیکس کا سامنا کرنا چاہئے عمران خان کی تقریر کے دوران وزیراعظم کا پارلیمنٹ سے اٹھ کر جانا بزدلی کامظاہرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی جماعت میں عمران خان کی طرح روایتی جاگیرداروں اورکریمنلز کو نہیں لاؤں گا اور جھاڑو کے ذریعے سیاست کا گند صاف کرونگا۔ قبل ازیں جب جمشید دستی چوک گھنٹہ گھر پہنچے تو لوگوں نے انہیں گھیرلیااور رکنیت سازی مہم میں حصہ لینے کی یقین دہانی کرائی میڈیا سے بات چیت کے بعد انہوں نے چوک گھنٹہ گھر میں کیمپ لگانے کی جگہ اور پارکنگ کا جائزہ لیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات