الزامات مسترد ، بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی اور معاونت کر رہا ہے، دفتر خارجہ

بھارتی قیادت پاکستان کے خلاف اشتعال انگیز بیانات اور بے بنیاد الزامات لگا رہی ہے،بھارت کا اعلیٰ سیاسی سطح پر اس طرح کا رویہ افسوسناک ہے،عالمی برادری نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا ،مقبوضہ کشمیر میں آزادانہ تحقیقات فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجنے کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے،کلبھوشن یادیو نے بھارت کی پاکستان میں دہشتگرد سرگرمیوں کا اعتراف کیا ہے،ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا بھارتی وزیراعظم کے بیان پرردعمل کااظہار

اتوار 25 ستمبر 2016 12:40

الزامات مسترد ، بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی اور معاونت کر ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 ستمبر - 2016ء ) ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہاہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی اور معاونت کر رہا ہے اور اس کے واضح ثبوت بھی موجود ہیں، بھارتی قیادت پاکستان کے خلاف اشتعال انگیز بیانات اور بے بنیاد الزامات لگا رہی ہے،بھارت کا اعلیٰ سیاسی سطح پر اس طرح کا رویہ افسوسناک ہے،عالمی برادری نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا ہے،مقبوضہ کشمیر میں آزادانہ تحقیقات فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجنے کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے،کلبھوشن یادیو نے بھارت کی پاکستان میں دہشتگرد سرگرمیوں کا اعتراف کیا ہے۔

اتوار کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بیان پر دفترخارجہ کے ترجمان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی قیادت کی پاکستان کو بدنام کرنے کی مہم افسوسناک ہے،بھارتی قیادت پاکستان کیخلاف اشتعال انگیز بیانات اور بے بنیاد الزامات لگارہی ہے،بھارت کا اعلیٰ سیاسی سطح پر اس طرح کا رویہ بہت افسوسناک ہے،مایوسی کے عالم میں بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوششیں کر رہا ہے،برہان وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد بھارتی بربریت میں اضافہ ہوا ہے،گذشتہ75دنوں میں بھارتی قابض افواج نے 100سے زائد کشمیری شہید کیے،بھارتی بربریت سے سینکڑوں کشمیری بینائی سے محروم اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں،زخمیوں میں معصوم بچے اور عورتیں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

دفترخارجہ کے مطابق عالمی برادری نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا ہے اور اقوام متحدہ اسلامی تعاون تنظیم اور بہت سے ممالک سے تشویش کا اظہار کیا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں آزادانہ تحقیقات اور فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجنے کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے،بھارت پاکستان میں دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے اور کلبھوشن یادیو نے بھارت کی پاکستان میں دہشتگردی کی سرگرمیوں کا اعتراف کیا ہے۔