شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کراچی پاکستان کے اشتراک سے گریجویٹس کیلئے آکسفورڈ انگریزی گرامر کے عنوان پر ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد

بدھ 28 ستمبر 2016 15:05

سکھر۔28ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 ستمبر۔2016ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں ادارہ برائے انگریزی زبان و ادب کے زیرِ اہتمام آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کراچی پاکستان کے اشتراک سے گریجویٹس کیلئے آکسفورڈ انگریزی گرامر کے عنوان پر ایک روزہ ورکشاپ منعقد ہوئی۔ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس ورکشاپ کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر نور احمد شیخ پرووائس چانسلر مین کیمپس نے کی۔

اس موقع پر صدارتی خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر نور احمد شیخ نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ قوم کا مستقبل معیاری تعلیم میں مضمر ہے اور معیاری تعلیم صرف ہونہار اساتذہ ہی کی مرہونِ منت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں تبدیلی کا مظہر ہیں جو معاشرے کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ کی قیادت میں شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور سینٹر آف ایکسلنس کے طور پر ابھری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر ادارہ برائے انگریزی زبان و ادب کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر غلام مصطفی مشوری کو ورکشاپ منعقد کروانے پر مبارکباد دی۔آغا خان یونیورسٹی کراچی کی فریدہ فیض اللہ نے انگریزی زبان و ادب میں گرامر کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ آکسفورڈ یونیورسٹی پریس گرامر کے فروغ کیلئے کوششیں کررہی ہے۔ آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی اکیڈمک کوآرڈنیٹر شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورظل ِ ہما نے ورکشاپ کے اغراض مقاصد پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ اس ورکشاپ کا مقصد سیکھنے اور سکھانے کے عمل کو تیز کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ و طالبات مستقبل کے معمار ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر غلام مصطفی مشوری ڈائریکٹر ادارہ برائے انگریزی زبان و ادب نے کہا کہ یہ ورکشاپ معیاری تعلیم کے فروغ میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔ اس کے علاوہ یہ علم میں اضافے کیلئے بھی مفید ثابت ہوگی۔ انہوں نے اپنے ادارے کی تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں سے بھی آگاہی دی۔

متعلقہ عنوان :