پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کا حجم رواں برس 20 ارب روپے ہو جائیگا ، 2 لاکھ کم وسیلہ ذہین طلبا و طالبات مستفید ہوں گے، پنجاب حکومت نے صوبے میں شعبہ تعلیم کو پائیدار بنیادوں پر استوارکرنے کیلئے ٹھوس پالیسی اپنائی ہے، پنجاب کے تعلیمی

پروگراموں میں آزاد کشمیر،گلگت بلتستان اور دیگر صوبوں کے طلبا کی شمولیت سے ملک میں یگانگت اور یکجہتی کو فروغ ملاہے،پنجاب حکومت نے اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے لاہور میں وسیع قطعہ اراضی پر نالج پارک کے قیام کا عظیم الشان منصوبہ بنایاہے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے گفتگو

منگل 4 اکتوبر 2016 22:18

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 اکتوبر- 2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ غربت ، بے روزگاری اور جہالت جیسے چیلنجز سے نمٹنے کا واحد ذریعہ تعلیم ہے۔ پنجاب حکومت نے صوبے میں شعبہ تعلیم کو پائیدار بنیادوں پر استوارکرنے کیلئے ٹھوس پالیسی اپنائی ہے۔ صوبے میں فروغ تعلیم کیلئے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

یہ فنڈ ذہین مگر کم وسیلہ طلبا و طالبات کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ وسائل نہ رکھنے والے ڈیڑھ لاکھ طلباء و طالبات کو اب تک اربوں روپے کے تعلیمی وظائف دیئے جا چکے ہیں اور اس بے مثال پروگرام سے قوم کے بچے اور بچیاں ملکی و غیرملکی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم جاری رکھے ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

فنڈ کی رقم کا مجموعی حجم رواں برس 20 ارب روپے ہوجائے گااور اس فنڈ کی آمدن سے رواں برس تعلیمی وظائف حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کی تعداد 2 لاکھ ہو جائے گی۔

وہ منگل کو مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے گفتگو کر رہے تھے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں تعلیم کے فروغ کیلئے قائم کئے جانے والے ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کی مثال ایشیا میں نہیں ملتی اور یہ خطے کا سب سے بڑا اور منفرد تعلیمی فنڈ بن چکا ہے۔ قوم کے نو نہالوں کو علم کے نور سے منور کرنے کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں اور انہیں وسائل کی فراہمی سود مند سرمایہ کاری ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے فروغ تعلیم کیلئے ٹھوس اقدامات کرکے تعلیمی شعبہ میں انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے۔معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے انقلاب آفریں اقدامات بار آور ثابت ہو رہے ہیں۔ تعلیمی شعبے میں انقلابی اصلاحات کے جامع پروگرام پر عملدرآمدکیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تیز رفتار ترقی اورمضبوط معیشت کا ہدف فروغ تعلیم سے ہی ممکن ہے۔

علم کے دیے جلا کر ہی ملک و قوم کے مستقبل کو تابناک بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ، پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی واؤچر سکیم، دانش سکولز ، پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات میں نقد انعامات کی تقسیم و بیرون ملک مطالعاتی دورے، لیپ ٹاپ کی میرٹ پر تقسیم اور دیگر انقلابی اقدامات فروغ تعلیم میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

پنجاب کے تعلیمی پروگراموں میں آزاد کشمیر،گلگت بلتستان اور پاکستان کے دیگر صوبوں کے طلبا و طالبات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس اقدام سے ملک میں یگانگت اور یکجہتی کو فروغ مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے غریب گھرانوں کے بچوں کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ دانش سکولز قائم کئے گئے ہیں۔علم کے ان گہواروں میں بچوں کو مفت کتابیں، یونیفارم اور قیام و طعام کی بھی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔

دانش سکولز کے باعث انتہائی کم وسیلہ گھرانوں کے بچے و بچیاں معیاری تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ دانش سکولز فروغ تعلیم کے ساتھ معاشرے سے انتہا پسندانہ رحجانات کے خاتمے میں بھی اہم کردارادا کررہے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے لاہور میں وسیع قطعہ اراضی پر نالج پارک کے قیام کا عظیم الشان منصوبہ بنایاہے۔ نالج پارک کے قیام کا منصوبہ ملک کی تاریخ کا اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد پراجیکٹ ہے۔ نالج پارک کے منصوبے میں معروف ملکی او رغیر ملکی تعلیمی اداروں کے کیمپس کا قیام بھی شامل ہے جس سے معیاری تعلیم کو فروغ ملے گا ۔ لاہور میں بننے والا نالج پارک خطے کا اپنی طرز کا پہلا عالمی معیار کا تعلیمی مرکز ہوگا۔