پاکستانی سرحد کے قریب ایرانی فوج کا طیارہ گر کر تباہ

منگل 11 اکتوبر 2016 21:54

پاکستانی سرحد کے قریب ایرانی فوج کا طیارہ گر کر تباہ

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2016ء) ایرانی حکام نے کہا ہے کہ پاسداران انقلاب کا ایک چھوٹا طیارہ پاکستان اور افغانستان کی سرحد سے متصل صوبہ سیستان بلوچستان میں گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں ایک پائلٹ ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کی ویب سائیٹ پر جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ انٹیلی جنس مقاصد کے لیے فضا میں دوران پرواز فوجی طیارہ ایران شہر کے مقام پرحادثے کا شکار ہوا۔

(جاری ہے)

یہ علاقہ پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب واقع ہے۔ طیارہ حادثے کے نتیجے میں احمد مائلی نامی پائلٹ ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔ ایرانی خبر رساں اداریفارس نے پاسداران انقلاب کے ترجمان کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ طیارہ فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا ہے۔ خیال رہے کہ ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان میں حکومت کے خلاف مقامی شہریوں کی تحریک بھی چل رہی ہے۔ اس علاقے میں آئے روز ایرانی فوج اور بلوچ عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوتی رہتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :