بیکن ہائوس سکول سسٹم کی جانب سے اپنے اداروں میں پنجابی زبان پر پابندی لگانے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع

بدھ 19 اکتوبر 2016 20:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2016ء) پاکستانمسلم لیگ(ن) کی رکن صوبائی اسمبلی حناء پرویز بٹ نے بیکن ہائوس سکول سسٹم کی انتظامیہ کی جانب سے اپنے اداروں میں پنجابی زبان پر پابندی لگانے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کرا دی۔

(جاری ہے)

بدھ کے روز پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی جانیوالی تحاریک میں کہا گیا ہے کہ مقامی اخبار کے مطابق بیکن ہائوس سکول سسٹم کی انتظامیہ نے اپنے تمام اداروں میںپنجابی زبان اور پنجابی زبان کی تمام سرگرمیوں پر پابندی لگا دی ہے جو کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 251 کی صریحاً خلاف ورزی کی ہے۔

بیکن ہائوس سکول سسٹم کی انتظامیہ کی اس کارروائی سے صوبہ پنجاب میں بسنے والے تمام پنجابیوں اور پنجابی زبان سے محبت کرنیوالوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ پنجابی زبان کی ترقی اور ترویج کی تنظیموں نے بھی اس عمل پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ بیکن ہائوس سسٹم کی انتظامیہ کے اس فیصلہ کیخلاف عوام میں انتہائی بے چینی‘ اضطراب اور غم و غصہ پایا جاتا ہے۔