پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے٬ اسلام آباد بند کرنے کی کوشش کی گئی تو حکومت قانونی حق استعمال کرے گی٬پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اتوار 23 اکتوبر 2016 11:39

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ملک کے تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے اپنا کام بخوبی سرانجام دے رہے ہیں٬جس سے ان کی عزت میں مزید اضافہ ہو رہا ہے٬ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے جس سے ہم نے کبھی کسی کو نہیں روکا لیکن اگر یہ لوگ اسلام آباد کو بند کرنے کی بات کریں گے٬ سیکرٹریٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش کریں گے٬ وزراء کے دفاتر میں خود بیٹھنے کی کوشش کریں گے٬ ایسے اداروں کو بند کرنے کی کوشش کریں گے جن کا تعلق براہ راست عوام سے ہے تو پھر یہ احتجاج نہیں بغاوت ہوگی اور اگر یہی رہا تو پھر حکومت کے پاس یہ حق موجود ہے کہ وہ تمام قانونی حق استعمال کرے تاکہ غیر قانونی لاک ڈائون کو روکا جا سکے٬ انہوں نے کہا کہ دھرنے والے دراصل دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان کی حکومت مفلوج ہے حالانکہ ایسا ہرگز نہیں ہے٬ پاکستان کے ادارے اور حکومت ذمہ دار بھی ہیں اور اتنی قانونی و آئینی طاقت بھی رکھتے ہیں کہ اگراحتجاج کوغیر قانونی لاک ڈائون یا بغاوت میں بدلنے کی کوشش کی گئی تو پھر حکومت اپنا آئینی و قانونی حق بھی استعمال کرے گی٬ ایک سوال کے جواب میں رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ 02 نومبر سے پہلے پی ٹی آئی سے کوئی مزاکرات نہیں ہونگے تاکہ یہ نہ سمجھا جائے کہ شائد کسی دبائو کی وجہ سے یہ مزاکرات کیے جا رہے ہیں٬ انہوں نے کہا کہ حکومت پانامہ معاملے پر شروع دن سے ہی کلیر ہے لیکن اپوزیشن بار بار اپنا موقف تبدیل کرتی رہی ہے کیونکہ یہ لوگ معاملے کا حل چاہتے ہی نہیں اور اسے 2018ء کے انتخابات تک لٹکانا چاہتے ہیں٬ حکومت تو مشترکہ ٹی او آرز کے لیے بھی متفق ہے٬ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف پر غداری کے الزام کا کوئی جواز ہی نہیں کیونکہ وزیراعظم محمد نواز شریف ایک محب وطن انسان ہیں جس میں کسی کو کوئی شک نہیں٬ اپوزیشن کے پاس وزیراعظم محمد نواز شریف پر لگانے کے لیے کوئی الزام نہیں اس لیے وہ اب ان پر غداری کا الزام لگا رہے ہیں کیونکہ سب جانتے ہیں کہ ملک ترقی کر رہا ہے٬ ملکی معیشت بہتر ہو رہی ہے٬ دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا رہا ہے٬ ملک سے اندھیروں کے خاتمے کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور کرپشن کا بھی کوئی ایک بھی کیس نہیں ہے اس لیے اب صرف غداری ہی ہے جو اپوزیشن وزیراعظم پر لگا سکتی ہے کیونکہ اور تو کوئی الزام وہ لگا نہیں سکتے جس کی ہم کوئی صفائی بھی نہیں دینا چاہتے کیونکہ محب وطن ہونے کے لیے ہمیں ان کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں٬ ایک اور سوال کے جواب میں طلال چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف پاکستان کے مفاد کا اور پاکستان کے اداروں کی عزت کا خیال کریں گے اور اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائیں گے بے شک اس میں ہماری سیاسی ساکھ کو کوئی نقصان بھی ہو٬ وزیراعظم محمد نواز شریف کا ماضی بھی اس بات کا گواہ ہے کہ انہوں نے پاکستان کے مفاد اور پاکستانی اداروں کی عزت کا ہمیشہ خیال رکھا ہے اور اب بھی بہت جلد اس کا نتیجہ آئے گا اورآپ دیکھیں گے اور تسلیم کریں گے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنی سیاست نہیں اپنی جماعت نہیں بلکہ پاکستان اور پاکستان کے اداروں کے مفاد کو ترجیح دی ہے۔