سموگ سے نمٹنے کیلئے ٹریفک پولیس اور آلودگی کا باعث بننے والے کارخانوں کو سخت ہدایات جاری کردی گئیں

محکمہ تحفظ ماحول پنجاب کی موبائل لیبارٹری شہر کے مختلف مقامات پر آلودگی مانپنے اور مانیٹرنگ کیلئے مامور ہے٬تمام صنعتکار اپنے کارخانوں میں آلودگی کنٹرول کرنے والے آلات کے استعمال کو یقینی بنا ئیں ضلعی حکومت ٬لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کوڑے کوکھلے عام جلانے پر مکمل پابندی کو یقینی بنائے‘بیگم ذکیہ شاہنواز

جمعہ 4 نومبر 2016 16:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 نومبر2016ء) صوبائی وزیر محکمہ تحفظ ماحولیا ت بیگم ذکیہ شاہنواز نے ٹریفک پولیس ڈیپارٹمنٹ کو سموگ کے معاملے سے نمٹنے کیلئے فوری طور پر خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں تاکہ موجودہ موسمیاتی صورتحال میں ٹریفک جام سے مکمل طور پر اجتناب کیا جائے اور ٹریفک کے بہائو کو ان موسمیاتی صورتحال میں ہر ممکن روانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کثافتیں خصوصاً گیسیں سلفر ڈائی آکسائیڈ ٬نائٹروجن آکسائیڈ و کاربن مونو آکسائیڈ وغیرہ فضاء میں ایک جگہ اکٹھی نہ ہوں۔

ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اہوں نے تمام ضلعی آفیسر ز ماحولیات کو ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ تمام فضائی آلودگی کا باعث بننے والے کارخانوں پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی کارخانے کو غیر معیاری ایندھن استعمال نہ کرنے دیں اور اس کے علاوہ کوئی بھی کارخانہ ویٹ سکربر و آلودگی کنٹرول کرنے والے آلات کے استعمال کو یقینی بنائے ۔

(جاری ہے)

اسی طرح کی ہدایات چیمبرز آف کامرس و انڈسٹریز کو بھی جاری کردی گئیں ۔

محکمہ تحفظ ماحول پنجاب کی موبائل لیبارٹری بھی شہر کے مختلف مقامات پر آلودگی مانپنے اور مانیٹرنگ کیلئے مامور کردی گئی ہے۔مزید برآں تمام صنعتکاروں کو بھی اپنے کارخانوں میں آلودگی کنٹرول کرنے والے آلات کے استعمال کو یقینی بنانے کیلئے درخواست کی گئی ہے اور کسی صورت میں بھی غیر معیاری ایندھن کے استعمال سے اجتناب کو یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔

ضلعی حکومت خصوصاً لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ہدایات جار ی کی گئی ہے کہ کوڑے کوکھلے عام جلانے پر مکمل پابندی یقینی بنائی جائے۔مزید برآں صفائی ستھرائی اور کوڑ ے کو مناسب جگہ پر ٹھکانے لگانے کے کام کو بھی بہتر بنایا جائے۔اس کے علاوہ تمام ضلعی افسران کو شعور بیدار کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا بھی کہا گیا ۔