بھارت تقریباً تین سو دفعہ سیز فائر کی خلاف ورزیاں کر چکا ہے ، ایک ہفتے میں دس سے زیادہ سویلین شہید اوراب سات پاکستانی فوجیوں کو شہید کیا گیا ہے ، بھارت نہ صرف سیز فائر لائن کی خلاف ورزی بلکہ بڑی توپوں کا استعمال بھی کررہا ہے

آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی میڈیا سے گفتگو

پیر 14 نومبر 2016 22:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 نومبر2016ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے بھارت کی طرف سے آئے دن سیز فائر لائن کی خلاف ورزیوں کو غیر اعلانیہ جنگ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت تقریباً تین سو دفعہ خلاف ورزیاں کر چکا ہے اور ایک ہفتے میں دس سے زیادہ سویلین شہید اور آج سات پاکستانی فوجیوں کو شہید کیا گیا ہے اور بھارت نہ صرف سیز فائر لائن کی خلاف ورزی میں چھوٹی گنیں استعمال کر رہا تھا جبکہ آج اس نے بڑی توپوں کا استعمال کیا ہے جو کہ جنگ میں ہی استعمال ہوتی ہیں۔

ان حالات میں پاکستان کو بھارتی خلاف ورزیوں کا منہ توڑ جواب دینا چاہیے۔ دنیا کو اسکا نوٹس لینا چاہیے کہ ابھی صرف بھارت سیز فائر لائن کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور اگر پاکستان نے بھی اسکا بھرپور جواب دیا تو دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ چھڑ سکتی ہے جو کہ پوری دنیا کے امن کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے بھمبر میں سیز فائر لائن پر بھارتی اشتعال انگیز فائرنگ پر آج یہاں اپنی رہائشگاہ پر اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پاکستان کوبھارتی جارحیت کا منہ تور جواب دینا چاہیے۔نواز شریف اور مودی کی دوستی ہم نے بہت دیکھ لی اب ہم سیز فائر لائن پر مظلوم سویلین آباد اور یہاں تک کہ پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر خاموش نہیں رہ سکتے بلکہ پاکستان کو اس کا بھرپور جواب دینا چاہیے کیونکہ اسی طرح مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام آٹھ لاکھ بھارتی فوج کے مظالم کا مقابلہ کر رہے ہیں جبکہ آزاد کشمیر کے عوام بھی سیز فائر لائن پر پاکستانی فوج کے شانہ بہ شانہ اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں۔

دریں اثناء آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے آج یہاں پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹیریٹ میں پی ٹی آئی کشمیر کے ایک ایک نمائندہ وفد نے کرنل نسیم مرحوم کے صاحبزادے کیپٹن (ر)وقاص کی قیادت میں تفصیلی ملاقات کی۔اس موقع پر باغ کے وفد نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو باغ میں پی ٹی آئی کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے لئے مختلف تجاویز بھی دیں۔اس موقع پر پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سردار امتیاز خان بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :