بھارت میں ریل حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 145 ہو گئی،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

پیر 21 نومبر 2016 22:50

بھارت میں ریل حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 145 ہو گئی،ہلاکتوں میں اضافے ..
نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) بھارت میں ریل حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 145 ہو گئی ہے،145 لاشوں میں سے 116 کی شناخت ہو چکی ہے جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والے 225 افراد میں سے اب بھی بیشتر ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اتوار کو علی الصبح کانپور کے نزدیک پوکھراں کے مقام پر مسافر ٹرین کی 14 بوگیاں اچانک پٹڑی سے اتر گئیں تھیں۔

پیر کی صبح تک تمام تباہ شدہ بوگیوں کی تلاش مکمل کر کے ان میں پھنسے افراد کو نکالا جا چکا تھا لیکن خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اب بھی کچھ لوگ ان بوگیوں کے ملبے کے نیچے دبے ہو سکتے ہیں جس سے ہلاکتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ بھارتی ریلویز کے ایک ترجمان انیل سکسینا کے مطابق جائے حادثہ پر مسافروں کی تلاش کا کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے تاہم ابھی کرینوں کی مدد سے بوگیوں کو ہٹانے کا کام جاری ہے اور یہ دیکھا جائے گا کہ کوئی لاش ان کے نیچے تو نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ہم اس وقت تک ہی کچھ یقین سے کہہ سکیں گے جب تمام بوگیوں کو یہاں سے ہٹا نہیں لیا جاتا۔یاد رہے کہ بھارت میں ریل کے حادثات کوئی غیر معمولی بات نہیں۔ 2012ء میں حکومت کی جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق بھارت میں ہر سال ریل کے حادثات میں لگ بھگ 15 ہزار افراد موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔بھارت میں سب سے بدترین ریل حادثہ 1981ء میں ہوا تھا جب ایک مسافر ریل گاڑی بھاگمتی دریا میں جا گری تھی اور اس میں تقریباً 800 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔