گلستان جوہر میں نامعلوم مسلح افراد کی گاڑی پر فائرنگ سے ڈی ایس پی سمیت ان کا ڈرائیور ٹریفک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا

آئی جی سندھ نے ڈی ایس پی اور ڈرائیور کی شہادت پر ڈی آئی جی زون ایسٹ سے تفصیلی انکوائری رپورٹ طلب کرلی

اتوار 27 نومبر 2016 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2016ء) کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں نامعلوم مسلح افراد کی گاڑی پر فائرنگ سے ڈی ایس پی سمیت ان کا ڈرائیور ٹریفک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر راشد منہاس روس پر نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ایک گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی فیاض علی شگری اور ایک ٹریفک پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

ڈی ایس پی فیاض علی شگری اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئے جبکہ ٹریفک پولیس اہلکار نے اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ پولیس کے مطابق فیاض علی شگری کو لال فلیٹ کے قریب گھر سے نکلتے ہوئے نشانہ بنایاگیاہے۔ ایک عینی شاہد کے مطابق دہشت گرد موٹر سائیکل پر سوار تھے۔

(جاری ہے)

ترجمان سندھ پولیس کے مطابق راشد منہاس روڈ پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ڈی ایس پی ٹریفک فیاض علی شگری اور ڈرائیور ٹریفک پولیس کانسٹیبل کی شہادت کی میڈیا رپورٹس پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ڈی آئی جی زون ایسٹ سے تفصیلی انکوائری پر مشتمل رپورٹ فوری طور پر طلب کرلی ہے۔

ترجمان کے مطابق آئی جی سندھ نے متعلقہ ایس ایس پی کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ کرائم سین پر دستیاب شواہد کو جدید تفتیش کی بدولت کارآمد بناتے ہوئے ملوث ملزمان کی گرفتاریوں کے لیئے تمام تر اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔مذید برآں انہوں نے کہا کہ مذکورہ وقوعے میں زخمی ہونے والے ڈرائیور کو بھی ہر ممکن طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔