سپریم کورٹ ، شیخ رشید کی نااہلیت سے متعلق کیس کی سماعت ملتوی

جمعرات 8 دسمبر 2016 22:12

سپریم کورٹ ، شیخ رشید کی نااہلیت سے متعلق کیس کی سماعت ملتوی
اسلام آباد۔8 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2016ء) سپریم کورٹ نے عوامی مسلم لیگ ن کے سربراہ شیخ رشید کی نااہلیت سے متعلق کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے کہاہے کہ مبہم الزامات پر کسی رکن قومی اسمبلی کوکس طرح نااہل قرار دیا جاسکتا ہے ، جمعرات کوچیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔ شیخ رشید کونااہل قراردینے کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے رہنماشکیل اعوان کی جانب سے دائرپٹیشن کی سماعت کی ۔

اس موقع پر درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید نے کاغذات نامزدگی میں اپنے اثاثے چھپائے ہیں اس لئے ان کو نااہل قرار دیاجائے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ کسی رکن قومی اسمبلی کو مبہم الزامات پر کس طرح نااہل قرار دیاجا سکتاہے ۔

(جاری ہے)

شکیل اعوان کے وکیل نے کہا کہ شیخ رشید نے گوشواروں میں اپنی اراضی 1083کنال ظاہر کی ہے جبکہ کاغذات نامزدگی میں 983کنال ا راضی بتائی گئی ہے ، شیخ رشید نے 4کروڑ 80لاکھ روپے مالیت کے گھر کی قیمت خرید 1کروڑ 2لاکھ روپے بتائی ہے شیخ رشید نے 3سال کے سفری اخراجات 14لاکھ بتائے ہیں جبکہ اپنی سالانہ انکم 3لاکھ 17ہزار ظاہر کی ، انہوں نے زرعی آمدن اور زرعی ٹیکس کے حوالے سے بھی غلط بیانی کی ہے اس لئے ہماری استدعاہے کہ ان کونااہل قراردیاجائے ، فاضل وکیل کے دلائل جاری تھے کے عدالتی وقت ختم ہو نے پر مزید سماعت ملتوی کردی ۔