پنجاب میں بلدیاتی اداروں کے آخری مرحلے میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی خدمت،دیانت اور شفافیت کی سیاست کی جیت ہے،دھرنا دینے والوں کی منفی سیاست کا پھر دھڑن تختہ ہوگیاہے، ان عناصر کو اب ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، یقین ہے کہ نومنتخب بلدیاتی قیادت عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائے گی

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا بیان

جمعہ 23 دسمبر 2016 23:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پنجاب میں بلدیاتی اداروں کے آخری مرحلے میں بھی مسلم لیگ (ن) کوشاندار کامیابی حاصل ہوئی ہے اورپاکستان مسلم لیگ (ن) کی یہ کامیابی خدمت،دیانت اور شفافیت کی سیاست کی جیت ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو اپنے ایک بیان میںوزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ دھرنا دینے والوں کی منفی سیاست کا ایک بار پھر دھڑن تختہ ہوگیاہے اوراب ان عناصر کو احتجاجی سیاست چھوڑ کر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔

انہوںنے کہاکہ بلدیاتی اداروں کے نومنتخب سربراہان اور دیگر عہدیداران خدمت کے اس سفر کو مزید آگے بڑھائیں گے جس پر مسلم لیگ (ن) کی حکومت عمل پیرا ہے اورمجھے یقین ہے کہ نومنتخب بلدیاتی قیادت عوام کے مسائل کے حل کیلئے اپنی تمام ترصلاحیتیں اور توانائیاں بروئے کار لائے گی۔