میلبورن ٹیسٹ، پاکستان کے 6وکٹوں پر 310رنز ،بارش کے باعث میچ رک گیا

منگل 27 دسمبر 2016 11:20

میلبورن ٹیسٹ، پاکستان کے 6وکٹوں پر 310رنز ،بارش کے باعث میچ رک گیا

میلبورن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 دسمبر2016ء) میلبورن ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستانی بلے بازوں کی عمدہ بیٹنگ کے بعد بارش نے ایک بار پھر رنگ میں بھنگ ڈال دیا ۔ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے مقابلے میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کل کے سکور 142رنز 4کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی اور اظہرعلی اور اسد شفیق نے میزبان باؤلرز کے تمام حربے ناکام بناتے ہوئے کھانے کے وقفے پر پاکستان کا سکور 232رنز تک پہنچا دیا،اس دوران اظہر علی نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 12سنچری بھی مکمل کی ،کھانے سے کچھ دیر قبل بارش کے باعث امپائرز کھلاڑیوں کو میدان سے باہر لے گئے جس کے بعد اگلا پورا سیشن بارش کی نذر ہوگیا،وقفے کے بعد اسد شفیق نے اپنی 18ویں ٹیسٹ نصف سنچری مکمل کی جس کے فوری بعد وہ برڈ کی گیند پر سمتھ کو کیچ تھما کر پوویلین جابیٹھے ۔

(جاری ہے)

سرفراز احمد بھی 10رنز بنا کر ہیزل ووڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے ۔محمد عامر اور اظہر علی نے 8ویں وکٹ کے لیے 42رنز جوڑ لیے تھے کہ بارش کے باعث میچ ایک بار پھر روکنا پڑ گیا ،اظہر علی 139اور عامر 28رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں، آسٹریلیا کے لیے جیکسن برڈ نے 3،ہیزلووڈ نے 2اور لیون نے 1شکار کررکھا ہے ۔ میچ کے پہلے روز پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز سمیع اسلم اور اظہر علی نے کیا ، 18 کے مجموعی سکور پر سمیع اسلم 9 رنز بنا کر نیتھن لیون کی گیند پر سٹیو سمتھ کو کیچ تھما کر پوویلین جا بیٹھے ۔

بابر اعظم 23 کے انفرادی سکور پر ہیزل ووڈ کی گیند پر سمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ اظہر علی نے اپنی صف سنچری مکمل کرنے کے ساتھ رواں برس ٹیسٹ میں اپنے 1 ہزار رنز بھی مکمل کئے ۔ٹیم کا سکور 111 رنز پر پہنچا تو یونس خان 21رنز بنا کر جیکسن برڈ کی ان سوئنگ گیند نہ سمجھ سکے اور بولڈ ہو گئے ، یونس اور اظہر کے درمیان 51 رنز کی شراکت ہوئی۔ کپتان مصباح الحق نے جارحانہ موڈ اپناتے ہوئے لیون کو چھکا لگا کر اپنا کھاتا کھولا لیکن 11 کے انفرادی سکور پر وہ بھی جیکسن برڈ کی گیند پر شارٹ لیگ پر کیچ آؤٹ ہو گئے ۔

اس سے پہلے پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے راحت علی کو آرام دیکر ان کی جگہ سہیل خان کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ دوسری جانب پہلا ٹیسٹ جیتنے والی آسٹریلین ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :