آئی سی سی آفیشل چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے وینیوز کا معائنہ کرنے پاکستان پہنچ گئے

کراچی کے بعد آئی سی سی کے پچ کنسلٹنٹ لاہور اور راولپنڈی بھی جائیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 1 مئی 2024 12:51

آئی سی سی آفیشل چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے وینیوز کا معائنہ کرنے پاکستان ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم مئی 2024ء ) چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے مقامات کا معائنہ کرنے کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے پچ کنسلٹنٹ اینڈی ایٹکنسن 4 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ ذرائع کے مطابق ایٹکنسن کراچی سے شروع ہونے والے 3 مقامات کا دورہ کر کے کھیل کی سہولیات کا معائنہ کریں گے۔ کراچی کے بعد وہ لاہور اور راولپنڈی بھی جائیں گے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2025ء آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے "ابتدائی ڈرافٹ شیڈول" میں تین مقامات کی تجویز دی ہے۔

کرکٹ بورڈ نے فروری میں ہونے والے ایونٹ کے لیے لاہور، کراچی اور راولپنڈی کو وینیوز کے طور پر منتخب کیا ہے۔ 8 ٹیموں کا ٹورنامنٹ دو ہفتوں تک جاری رہنے کی توقع ہے حالانکہ ابھی تک درست تاریخوں کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

پی سی بی نے معائنہ کرنے کے لیے آئی سی سی کی ٹیم کے دورے کے بعد مقامات اور شیڈول طے کیا۔ گزشتہ ماہ آئی سی سی کی تین رکنی ٹیم نے تینوں مقامات کا معائنہ بھی کیا تھا۔

ایونٹ فروری 2025ء کے لیے پلان کیا گیا ہے اور پی سی بی نے پہلے ہی ان تینوں مقامات پر میچز کے ساتھ ڈرافٹ شیڈول آئی سی سی کے ساتھ شیئر کیا ہے ۔ یہ بھی توقع ہے کہ دورے کے دوران ایٹکنسن میگا ایونٹ کے لیے وکٹوں کی تیاری کے لیے مقامی گراؤنڈ اسٹاف کے ساتھ اپنا ان پٹ بھی شیئر کریں گے۔ آئی سی سی کا اگلا باضابطہ اجلاس جولائی میں عالمی ادارہ کی سالانہ کانفرنس ہے۔

یہ ایونٹ 8 سال کے وقفے کے بعد آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی واپسی کا پیش خیمہ ہوگا۔ 2017ء میں پاکستان فائنل میں بھارت کو شکست دے کر فاتح بن کر سامنے آیا تھا۔ 2025ء کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے جن ٹیموں کی تصدیق کی گئی ہے ان میں پاکستان (میزبان)، بھارت، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، افغانستان، انگلینڈ اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔