کوہاٹ ، پاکستان آسٹریلیا کرکٹ میچ پر سٹہ بازی کرنے والے سات جواری گرفتار

پیر 16 جنوری 2017 20:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2017ء) کوہاٹ کے مقامی ہوٹل میں پاکستان آسٹریلیا کرکٹ میچ پر سٹہ بازی کرنے والے سات جواریوں کو گرفتار کرلیا گیاہے۔پولیس نے مدینہ ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ پر چھاپہ مار کر دائو پر لگی لاکھوں روپے کی نقدی ،موبائل فون سیٹس اور ٹی وی قبضے میں لے لیاہے۔زیر حراست ملزمان میں زیادہ تعداد افغان باشندوں کی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاع پر کامیاب کاروائی کرتے ہوئے تحصیل چوکی کے انچارج سب انسپکٹر حمید خان نے پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ ہنگو روڈ پر پرانا مالمنڈی کے قریب واقع مشہور مقامی ہوٹل مدینہ ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ پر اچانک چھاپہ مارا جہاں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے مابین کھیلے جانے والے ایک روزہ کرکٹ میچ پر جواء کھیلنے میں مصروف سات قمار بازوں شفاعت ولد لیاقت علی سکنہ گڑھی ڈھوڈیوال،محمد خالد ولد محبت خان سکنہ گڑھی ڈھوڈیوال ،حسن اللہ ولد حیدر گل سکنہ اورکزئی ایجنسی،شوکت ولد بادشاہ،جہانگیر ولد خان آغا،گل حسن ولد نسیم گل اور امام جان ولد حبیب خان ساکنان افغان مہاجرین کو گرفتار کرکے تھانہ سٹی منتقل کردیا۔

(جاری ہے)

کاروائی کے دوران پولیس نے گرفتار افراد کے قبضے سے دائو پر لگی مجموعی طور پر ایک لاکھ پندرہ ہزار روپے کی نقدی،آٹھ عدد موبائل فون سیٹس اور ایک ٹی وی سیٹ برآمد کرکے قبضے میں لے لیا ہے۔جواء کھیلنے کے جرم میں گرفتار افراد کے خلاف پولیس تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کرکے بعد ازاں مقامی عدالت کے حکم پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :