کوہاٹ ، انسداد جرائم کی خاطر جاری پولیس کریک ڈائون میں مزید سات اشتہاریوں سمیت 98مشتبہ افراد گرفتار

پیر 23 جنوری 2017 20:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2017ء) کوہاٹ میں انسداد جرائم کی خاطر جاری پولیس کریک ڈائون میں مزید سات اشتہاریوں سمیت 98مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔کاروائی میں گرفتار افراد سے بڑی تعداد میں غیر قانونی اسلحہ اور منشیات برآمد کرلئے گئے ہیں۔آپریشن کی کاروائی شہر اور مضافات کے مختلف علاقوں میں عمل میں لائی گئی اور زیر حراست افراد کی مختلف تھانوں میں چھان بین کا سلسلہ جاری ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال کی خصوصی ہدایت پر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کو سختی سے کچلنے کیلئے ضلع بھر میں جاری کریک ڈائون کے تسلسل میں پولیس کے مختلف تھانوں کے اہلکاروں نے علاقائی حدود میں اشتہاریوں،منشیات فروشوںو قمار بازوں،سود خوروں اور جرائم پیشہ افراد کے سہولت کاروں کے خلاف چھاپہ مار کاروائیاں برپا کرتے ہوئے مجرمانہ سرگرمیوں کے حامل افراد کے ٹھکانوں کی سرچ آپریشن کے دوران سنگین مقدمات میں مطلوب سات اشتہاری مجرمان یوسف خان،صفی اللہ،آصف،عامر،حبیب اللہ،عبدالحاج اور اجمل سمیت 98مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

کاروائی کے دوران پولیس نے گرفتار افراد کے قبضے سے مجموعی طور پر چار کلاشنکوف،چھ ریپیٹر،پانچ رائفل،سات بندوق،چودہ پستول ،ہزاروں کی تعداد میں مختلف بور کے کارتوس،آٹھ کلو گرام چرس اور تین بوتل شراب برآمد کرکے قبضے میں لے لئے ہیں۔ادھر پولیس نے شہر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کے پیش نظر بغیر نمبر پلیٹ،نان رجسٹرڈ اور کالے شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف خصوصی مہم کے سلسلے میں مختلف مقامات پر ناکہ بندیوں کے دوران مختلف قسم کی چودہ سو گاڑیوں کو تحویل میں لے لیا ہے ۔

کاروائی کے دوران تحویل میں لئے گئے ان گاڑیوں میں زیادہ تعداد بلا نمبر اور نان رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں کی ہے جن کے مالکان کو چالان کرکے بھاری جرمانے عائد کردئیے گئے ہیں۔پولیس کاروائی کے دوران تحویل میں لئے گئے بعض گاڑیوں کو چھان بین کے بعد کلئیر کرکے مالکان کے حوالہ کردئیے گئے ہیں جبکہ قانونی دستاویزات پیش نہ کرنے والے موٹر سائیکلوں اور دیگر گاڑیوں کے خلاف مزید قانونی کاروائی شروع کردی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :