طاہر القادری کی 66 ویں سالگرہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں جوش و خروش سے منائی جائیگی

مرکزی تقریب لاہور میں ہو گی ،معروف مذہبی ،سیاسی ،سماجی رہنماء شرکت کریں گے ’’بزم منہاج ‘‘کے زیر اہتمام13 سے 16 فروری تک ہفتہ تقریبات منایا جائیگا

جمعرات 2 فروری 2017 21:26

طاہر القادری کی 66 ویں سالگرہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں جوش و خروش سے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 فروری2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 66 ویں سالگرہ 19 فروری کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں جوش و خروش سے منائی جائے گی ۔پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں ملک بھر کی تنظیمات اور دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں موجود اسلامک سنٹرز میں ڈاکٹر طاہر القادری کی سالگرہ کی تقاریب کا آغا ز 19 فروری کو قرآن خوانی اور محفل نعت سے ہو گا ۔

ان تقریبات میں کیک کا ٹے جائیں گے اور ڈاکٹر طاہر القادری کی صحت اور درازی عمر کیلئے دعائیں کی جائیں گی ۔منہاج یونیورسٹی میں 19فروری 11بجے دن کیک کا ٹا جائے گا اور سفیر امن سیمینار منعقد کیا جائے گا جبکہ منہاج یونیورسٹی،بزم منہاج کے زیر اہتمام 13 فروری سے 16فروری تک سالانہ کل پاکستان بین الکلیاتی ہفتہ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جن میں پاکستان بھر کے کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبہ و طالبات شرکت کریں گی ۔ترجمان عوامی تحریک نور اللہ صدیقی کے مطابق منہاج القرآن کے تحت قائم سکولز اور کالجز میں تقریری مقابلے اور دیگر علمی تقریبات منعقد ہونگی ۔عوامی تحریک کے زیر اہتمام ملک کے مختلف اضلاع میں سفیر امن اور قائد انقلاب کے عنوان سے سیمینارز منعقد ہو نگے ۔عوامی تحریک ویمن ونگ کے زیر اہتمام مختلف مقامات ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی تصانیف کی نمائش اور تقاریب کا اہتمام کیا جائیگا ۔

منہاج القرآن یوتھ،عوامی تحریک یوتھ ونگ ،مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اور منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے تحت نوجوان 19فروری کو خون کا عطیہ دیں گے ۔منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نوجوان 19 فروری کو مختلف جیلوں میں قیدیوں میں کھانا تقسیم کرینگے ۔تحریک منہاج القرآن 19 اور 20 فروری کی درمیانی رات شب دعا کے عنوان سے محفل منعقد کرے گی ۔منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام بھی قائد ڈے کے موقع پر پر وقار تقریب منعقد کی جائے گی ۔ڈاکٹر طاہر القادری کی سالگرہ کے حوالے سے مرکزی تقریب عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں منعقد کی جائے گی جس میں ملک کے معروف سیاسی رہنماء،مذہبی ،سماجی ،طلباء ،تاجر ،وکلاء اور مختلف مذاہب کے رہنما شرکت کریں گے .