جنرل ہسپتال میں پوسٹ گریجوایٹ طلباء کے لئے ریسرچ ورکشاپ کا انعقاد

نوجوان ڈاکٹرز طبی تحقیق کی مخصوص زبان و بیان پر دسترس حاصل کریں ‘ پرنسپل پی جی ایم آئی

ہفتہ 4 فروری 2017 15:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2017ء) پرنسپل پی جی ایم آئی و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب نے کہا کہ طب کے شعبے میں ریسرچ ورک کو بین الاقوامی جرنلز میں شائع کرانے کے لئے تحقیقی زبان و بیان کا سیکھنا بہت ضروری ہے - طبی تحقیق کرنے والے ڈاکٹرز اپنی ریسرچ سے بیرونی ممالک کے ماہرین کو آگاہ کرنے کے لئے بھر پور کاوشیں کریں- طبی تحقیق پاکستانی ماہرین کے عالمی ریسرچ اداروں سے روابط اور تعلق کو مضبوط بنانے کا ذریعہ ہے وہ لاہور جنرل ہسپتال میں پوسٹ گریجوایٹ طلبا ء کے لئے سائنٹفک رائٹنگ ان میڈیکل جرنلز کے موضوع پر منعقدہ ریسرچ ورکشاپ سے خطاب کر رہے تھے ۔

ورکشاپ کا اہتمام گائنی یونٹ II کی انچارج پروفیسر فرحت ناز اور ان کی ٹیم نے کیا - ورکشاپ میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی ہیڈ آف کمیونٹی میڈیسن ڈاکٹر سائرہ افضل اور مختلف ہسپتالوں کے نوجوان ڈاکٹرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

پروفیسر غیاث النبی طیب نے اس موقع پر کہا کہ دنیا بھر کے ریسرچ جرنلز میں تحقیقی کام کی اشاعت سے ہمارے ملکی طبی اداروں کو بہتر شناخت اور پہچان ملتی ہے اور ڈاکٹرز کو مفید معلومات ملتی ہیں جن کی روشنی میں وہ اپنے مستقبل اور طبی تحقیق کے بارے میں بہتر منصوبہ بندی کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ طبی تحقیق کی مخصوص زبان و بیا ن پر بھر پور توجہ دی جائے تاکہ میڈیکل کے شعبے سے وابستہ ہمارے ماہرین کا تحقیقی کام عالمی معیار کے تحقیقی رسالوں میں اپنی جگہ بنا سکیں ۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے ورکشاپ کے کامیاب انعقاد پر پروفیسر فرحت ناز کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ مستقبل میں ایسی ورکشاپس کے مثبت اثرات نوجوان ڈاکٹرز کی ریسرچ پر مرتب ہوں گے ۔ ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں ۔