اسلام آباد میں فوری طور پر منصفانہ قانون کرایہ داری نافذ کرائی جائے،اجمل بلوچ

بدھ 15 فروری 2017 20:22

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2017ء) مرکزی انجمن تاجراں پاکستان کے صدر اجمل بلوچ نے کہا ہے کہ اسلام آباد پاکستان کا مہنگا ترین شہر بن چکا ہے، یہاں منصفانہ قانون کرایہ داری کے نفاذ کو یقینی بناتے ہوئے بے دخلیوں کو روکا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی ایٹ میں تاجروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بے دخلی کے مقدمات میں صرف تین روز کی تاریخ ملتی ہے جس کی وجہ سے انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوتے اور نہ ہی متاثرین کو مقدمات کی تیاری میں وقت ملتا ہے۔

انہوں نے مذید کہا کہ اسلام آباد قانون کرایہ داری کی عدم موجودگی کی وجہ سے آئیندہ متوسط اور غریب طبقہ کے لئے اسلام آباد میں رہائش پذیر ہونا مشکل ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدر اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے سیکرٹری خالد چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ قانونِ کرایہ داری کا ترمیمی بل اسمبلی میں پیش ہو چکا ہے لیکن ایک سال گزرنے کے باوجود اس میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے ۔

فوری طور پر اسلام آباد میں منصفانہ قانون کرایہ داری نافذ کرائی جائے اور اس وقت تک تمام بے دخلیاں روکی جائیں ۔ اجتماع سے جی ایٹ آئی اینڈ ٹی سینٹر کے جنرل سیکرٹری چوہدری عبدالغفار، ناصر چوہدری، سعید بھٹی اور چوہدری جمیل اختر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :