فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کا پنجاب یونیورسٹی میں کنٹریکٹ پر کام کرنے والے 40 سینئر پروفیسروں کی سبکدوشی پر تشویش کا اظہار، یونیورسٹی انتظامیہ سے فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ

پیر 27 فروری 2017 13:32

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2017ء) فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن نے پنجاب یونیورسٹی میں کنٹریکٹ پر کام کرنے والے 40 سینئر پروفیسروں کی سبکدوشی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے اس فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا ہے۔ گزشتہ روز یہاں جاری بیان میں ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر پروفیسر ڈاکٹر ہمایوں خان ، مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر محبوب حسین اور ایسوسی ایشن کی پنجاب شاخ کے صدر ڈاکٹر سہیل آفتاب نے کہا ہے کہ سبکدوش کئے جانے والے تمام پروفیسر اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں خدمات کا ریکارڈ رکھتے ہیں، یہ سب ہمارا قومی اثاثہ ہیں اور دنیا بھر میں انہیں عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

ہمارا مطالبہ ہے کہ قومی مفاد میں ان کی تعلیم ، تجربے اور مہارت سے بھرپور استفادہ کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ کارکردگی جانچے بغیر اور اچانک ان قابل احترام پروفیسروں کو توہین آمیز طریقے سے ملازمت سے سبکدوش کیا گیا۔ ہم یہ امید رکھتے ہیں پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور رجسٹرار اس فیصلے پر نظر ثانی کریں گے اور ان پروفیسروں کو تجربے اور مہارت سے استفادہ کو یقینی بنائیں گے۔

واضح رہے کہ پنجاب یونیورسٹی میں کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ان 40 پروفیسروں کو فوری طور پر ملازم سے برطرف کیا گیا ہے۔ ان کی برطرفی دو علیحدہ دفتری حکمناموں کے ذریعے کی گئی ہے اور انہیں ایک مہینے کے پیشگی تنخواہ بھی دی گئی ہے جبکہ ان سے کہا گیا ہے کہ وہ یونیورسٹی آنے کی زحمت نہ کریں گے۔ جن پروفیسروں کا کنٹریکٹ ختم کیا گیا ہے ان میں پروفیسر ڈاکٹر جہانگیر تمیمی ، پروفیسر اللہ دتہ ، ڈاکٹر اعجاز مجتبیٰ غوری، ڈاکٹر ارشد حسین قریشی ، اختر حسین، ڈاکٹر شوکت علی، ڈاکٹر فرخ ضیاء خان، ریاض احمد میاں، سید ذوالفقار احمد شاہ، ڈاکٹر فوزیہ ناہید خواجہ ، سید فدا حسین بخاری، سید فاروق حسنات ، صبیحہ ذوالقرنین ، ڈاکٹر اقدس علی کاظمی، ڈاکٹر ضیاء اللہ چوہدری، ڈاکٹر محمود حسین، ڈاکٹر محمد نواز چوہدری، ڈاکٹر رفیع الدین ہاشمی، ڈاکٹر محمد اکرم، ڈاکٹر عبدالوحید، پروفیسر ڈاکٹر خواجہ محمد ذکریا، ڈاکٹر سید محمد اکرم، ڈاکٹر شوکت محمود ، ڈاکٹر محمد نواز چوہدری، پروفیسر نعیم میر، ڈاکٹر ساجد علی، محمد اویس، ڈاکٹر جمیل انور اور محمد جمیل خان شامل ہیں۔