فیصل آباد، یونیورسل پرائمری ایجوکیشن کے تحت موجودہ انرولمنٹ مہم کے دوران ایک لاکھ 40ہزاربچوں کو کچی کلاس میں داخل کیا جائے گا

جمعرات 2 مارچ 2017 23:06

فیصل آباد۔2 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2017ء)حکومت پنجاب کی ہدایات پر ضلع بھر میں یونیورسل پرائمری ایجوکیشن کے تحت موجودہ انرولمنٹ مہم کے دوران ایک لاکھ 40ہزاربچوں کو کچی کلاس میں داخل کیا جائے گا جس کے لئے ضلعی محکمہ تعلیم کی طرف سے منظم اور جامع حکمت عملی تیار کی گئی ہے تاکہ مربوط انداز میں اس مہم کوکامیابی سے ہمکنار کیا جاسکے۔

اس مہم کے افتتاح کے سلسلے میں ایک تقریب گورنمنٹ گرلز ہائرسیکنڈری سکول سمن آباد میں منعقدہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر سلمان غنی مہمان خصوصی تھے جبکہ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی جاوید مظفراقبال چشتی،ڈسٹرکٹ آفیسر سیکنڈری ایجوکیشن چوہدری محمد خالد اور محکمہ تعلیم کے دیگرافسران کے علاوہ پرائیویٹ سکولز کے نمائندہ صداقت حسین لودھی اورسول سوسائٹی کے نمائندہ افراد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے انرولمنٹ مہم کے سلسلے میں بچوں کا سکول میں داخلہ کیا اوران میں سکول بیگ و کتابیں تقسیم کیں۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ قوم کے نونہالوں کو علم کے زیور سے آراستہ کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے لہذاانرولمنٹ مہم کو محض رسم نہ سمجھا جائے بلکہ مشینری جذبہ سے کام کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ بچوں کو سکولوں میں لائیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ ضلع میں زیادہ تعداد میں بچوں کو داخل کرنے اور ان کی تعلیم جاری رکھنے میں اہم کردار ادا کرنے والے ٹاپ ٹین اساتذہ کو نقد انعامات دئیے جائیں گے۔انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران وٹیچرز کو تاکید کی کہ وہ یونین کونسل سے لیکر تحصیل اور ضلع کی سطح پر انرولمنٹ مہم میں بلدیاتی نمائندوں،این جی اوزاورسول سوسائٹی کے سرکردہ افراد کو شامل کریں تاکہ خواندگی کے فروغ کے اس مشن کو مشترکہ جدوجہد سے کامیاب بنا کر قومی ترقی کی رفتار کو تیز کیا جاسکے۔

اس موقع پر سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی جاوید مظفر اقبال چشتی نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر انرولمنٹ مہم 31،اکتوبر 2017ء تک جاری رہے گی جس میں سکول کونسلز کا اشتراک بھی حاصل رہے گا۔انہوں نے کہا کہ علم کا فروغ معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے جبکہ سکول کونسلز کی تشکیل پر نظرثانی کرتے ہوئے ان میں بلدیاتی نمائندوں کو بھی نمائندگی دی جائے گی ۔انہوں نے انرولمنٹ مہم کی بھرپور کامیابی کے لئے اپنے پختہ عزم کااظہار کرتے ہوئے اس ضمن میں ضلعی محکمہ تعلیم کے انتظامات کی تفصیل سے آگاہ کیا۔