اوپن یونیورسٹی تعلیم و تربیت کے حصول کیلئے خواتین کی اولین ترجیح بن چکی ہے،پروفیسر ڈاکٹرشاہد صدیقی

بدھ 8 مارچ 2017 18:04

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2017ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرشاہد صدیقی نے کہا ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیوسٹی پاکستان بھر میں خواتین کو بنیادی خواندگی سے پی ایچ ڈی تک تعلیم و تربیت کی سہولتیں فراہم کرنے والا ملک کا سب سے بڑا قومی ادارہ ہے اور اوپن یونیورسٹی تعلیم و تربیت کے حصول کیلئے ملک بھر کی خواتین کی اولین ترجیح بن چکی ہے، یونیورسٹی کے 13 لاکھ سے زائد طلبہ میں 57 فیصد طالبات ہیں اور یہ تناسب خواتین کو تعلیمی نیٹ میں لانے کی مسلسل کوششوں اور انہیں یونیورسٹی کے مین کیمپس اور 44 علاقائی دفاتر میں انتہائی محفوظ اور ایک بڑی فیملی جیسے ماحول کی دستیابی کا واضح اعتراف ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوپن یونیورسٹی میں منعقدہ عالمی یوم خواتین تقریب سے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کا اہتمام شعبہ فزکس نے کیا تھا جس میں ایم ایس سی پروگرام کے چوتھے سمسٹر کے طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے انتہائی دور دراز اور پسماندہ علاقوں میںجہاں خواتین کو کم عمری کی شادیوں اور غربت جیسی سماجی و معاشی مجبوریوں کا سامنا ہے ،ْ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ابتدائی جماعتوں سے سلسلہ تعلیم ترک کرنے پر مجبور )ڈراپ آوٹ(خواتین کو ’’گرل پاور پراجیکٹ‘‘ کے تحت دوبارہ تعلیم کے دھارے میں شامل کر رہی ہے اور ان کی رہائش گاہوں کے قریب ترین مقامات پر مڈل سطح تک مفت تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی پسماندہ علاقوں کی مخصوص ضروریات کے مطابق پیشہ ورانہ تربیتی پروگرامز جن میں لائیو سٹاک ،ْ مرغبانی ،ْ فرسٹ ایڈ،ْ غذا اور غذائیت ،ْ بچے کی نگہداشت ،ْ کنبے کی صحت اور نگہداشت اور بچے کی صحت و نشوونما جیسے خود روز گار کے حامل کورسز بھی میٹرک تا بی اے نصاب میں شامل کرکے خواتین کو خود کفالت کی بنیاد پر تعلیمی مواقع فراہم کررہی ہے۔

ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا ہے کہ یونیورسٹی جینڈز اینڈ ویمن سٹڈیز میں ایم ایس سی ڈگری اور پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ بھی پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی زیادہ تعداد اوپن یونیورسٹی کے ٹیچر ٹریننگ پروگرامز سے استفادہ کر رہی ہیں اور اس وقت ملک میں ہزاروں خواتین اساتذہ موجود ہیں جنہوں نے یونیورسٹی سے تربیتی پروگرامز میں اسناد اور ڈگریاں حاصل کی ہیں۔ شعبہ فزکس کے چئیرمین پروفیسر ڈاکٹر سیّد ظفر الیاس نے خواتین کی تعلیم کیلئے یونیورسٹی کے مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔

متعلقہ عنوان :