آصف زرداری کی زیر صدارت پارٹی کا اہم مشاورتی اجلاس

پیپلزپارٹی نے آئندہ انتخابات کیلئے پنجاب میں جلسوں سمیت جامع حکمت عملی کی منظوری دیدی آصف زرداری سیاسی جوڑ ،سیٹ ایڈجسٹمنٹ جبکہ بلاول بھٹو فرنٹ فٹ پر سیاسی محاذ کھیلیں گے

منگل 21 مارچ 2017 17:14

آصف زرداری کی زیر صدارت پارٹی کا اہم مشاورتی اجلاس
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی نے آئندہ انتخابات کے لئے پنجاب میں جلسوں سمیت جامع حکمت عملی کی منظوری دے دی ہے پلان کے تحت آصف علی زرداری سیاسی جوڑ توڑ اور سیٹ ایڈجسمنٹ سمیت دیگر امور جبکہ بلاول بھٹو فرنٹ فٹ پر سیاسی محاذ کھیلیں گے ۔ ذوالفقار بھٹو کی برسی کے بعد پنجاب میں سیاسی سرگرمی دکھائی جائے گی۔

یہ فیصلے منگل کے روز آصف علی زرداری کی زیر صدارت بلاول ہائوس میں پیپلزپارٹی کے اعلی سطحی مشاورتی اجلاس میں کئے گئے ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی نے آئندہ عام انتخابات کے لئے پنجاب میں مسلم لیگ(ن) کو ٹف ٹائم دینے کے لئے ابھی سے سرگرمیاں شروع کر دی ہیں اور اس سلسلے میں گزشتہ روز پارٹی کے اعلی سطحی مشاوری اجلاس میں متعدد فیصلوں کی منظوری دے دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

آئندہ عام انتخابات کے لئے متفقہ طور پر منظور کئے جانے والے پلان کے مطابق پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سیاسی جوڑ توڑ ، سیٹ ایڈجسمنٹ سمیت دیگر اہم امور دیکھیں گے جبکہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سیاسی محاذ کے فرنٹ فٹ پر کھل کر کھیلیں گے اور سیاسی جلسے منعقد کر کے ان سے خطاب کریں گے ذرائع نے بتایا کہ (ن ) لیگ کو ٹف ٹائم دینے کے لئے پنجاب بھر میں جلسوں کے انعقاد کی منظوری دے دی گئی ہے اور اس سلسلے کے پہلے مرحلے میں پنجاب کے ہر ڈویژن جبکہ دوسرے مرحلے میں ہر ضلع میں جلسے منعقد کئے جائیں گے تاہم آئندہ ماہ پی پی پی کے بانی و چیئرمین سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے بعد سیاسی سرگرمی دکھائی جائے گی ۔ (جاوید)