رحیم یار خان میں یوم پاکستان جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا

جمعرات 23 مارچ 2017 22:17

رحیم یار خان میں یوم پاکستان جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا
رحیم یار خان۔23 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2017ء) ضلعی انتظامیہ، ضلع کونسل رحیم یار خان سمیت تمام تحصیلوں کی میونسپل کمیٹیز کے زیر اہتمام شیخ خلیفہ آڈیٹوریم میں سبز ہلالی پرچم ، قومی ترانوں کی گونج میں یوم پاکستان کی پروقار مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں پاکستان کی سلامتی، ملک و قوم کی حفاظت اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کی کامیابی کے لئے خصوصی دعا کی گئی، طلبا و طالبات نے قومی ترانوں، ٹیبلوز اور مقررین نے تقاریر کے ذریعے یوم پاکستان کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

ضلع رحیم یار خان میں یوم پاکستان کی مرکزی تقریب شیخ خلیفہ آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا، چیئرمین ضلع کونسل سردار اظہر خان لغاری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)جمیل احمد جمیل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)محمد حنیف، اسسٹنٹ کمشنر ز ڈاکٹر عدنان خان بھٹانی، احمد رضا، محمد اختر، زہرہ دستگیر، ریاست علی، سی ای او ایجوکیشن مختار احمد، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مخدوم بشارت حسین ہاشمی،وائس چیئرمین ضلع کونسل چوہدری نعیم شفیق، چیئرمین تحصیل کونسل رحیم یار خان میاں اعجاز عامر ، وائس چیئرمین عبدالطیف بھٹی، چیئرمین میونسپل کمیٹی صادق آباد چوہدری شفیق پپا، چیئرمین میونسپل کمیٹی کوٹسمابہ سید مظہر الحق بخاری، چوہدری راشد سمیت تمام میونسپل کمیٹیز کے چیئرمین وائس چیئرمینز، کونسلرز، تعلیمی و سرکاری اداروں کے سربراہان، سول سائٹی ، وکلاء، ڈاکٹرز، طلباء و طالبات اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

یوم پاکستان کی مرکزی تقریب میں پنجاب پولیس، ضلعی سکائوٹس اور سول ڈیفنس کے چاک و چوبند دستوں نے قومی پرچم اور مہمانان گرامی ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا، چیئر مین ضلع کونسل سردار اظہر خان لغاری سمیت دیگر کو مارچ پاسٹ کرتے ہوئے سلامی پیش کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا نے کہا کہ ہمیں اس عہد کی تجدید کرنی چاہیے کہ پاکستان کو قائد اعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کا پاکستان بنانے کے لئے اپنی انفرادی اور اجتماعی کوششیں جاری رکھیں گے،انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، انتہا پسندی، فرقہ واریت ایک پسماندہ اور منفی سوچ کا نظریہ ہے جس کے خاتمہ کے لئے ہم سب نے ایک ٹیم کے طور پرکام کرنا ہے اورنیشنل ایکشن پلان فیز ٹو کے تحت غربت، مفلسی، بے روزگار ی، سفارش ، کرپشن، ناانصافی کے خاتمہ کے لئے حکومتی کوششوں کا ساتھ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مطلوبہ اہداف کے حصول کے لئے ممبران پار لیمنٹ، بلدیاتی اداروں کے سربراہان و ممبران، افسران اور شہریوں کہ ہمراہ عملی کوششوں کا آغاز آج سے کریں گے تاکہ ہم قرار داد پاکستان کی لاج رکھتے ہوئے محنت، امانت، صداقت اور دیانت کو شعار بناتے ہوئے آگے بڑھیں۔۔چیئرمین ضلع کونسل سردار اظہر خان لغاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ یوم پاکستان ہمارے عظیم اسلاف کی بیش قیمت قربانیوں اور اجتماعی جدوجہد کی تجدید عہد کا دن ہے اسی دن1940ء کو برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں نے قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں علیحدہ ملک کے قیام کا فیصلہ کیا تھا اور اس دن کی اہمیت اس بات کی متقاضی ہے کہ بطور محب وطن پاکستانی ہمیں بہترین سماجی شعور کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر لمحہ وطن عزیز کی بہترین خدمات سر انجام دینے کے لئے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے۔

۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا نے چیئرمین ضلع کونسل سردار اظہر خان لغار ی، چیئرمین تحصیل کونسل میاں اعجاز عامر سمیت دیگر یونین کونسلز کے چیئرمین ، وائس چیئرمینز کے ہمراہ بھٹہ خشت پر کام کرنیوالے خاندانوں کے بچوں میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے خدمت کارڈ تقسیم کئے جبکہ بہترین ملی نغمے، ٹیبلوز، تلاوت، نعت رسول مقبولؐ پیش کرنے پر دانش سکول، سکول فار سپیشل پرسنز، اقلیتی برادری، پاک عسکریہ سکول، گورنمنٹ سکولز کے طلباء و طالبات میں نقد انعام اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :