امسال ضلع سرگودہا میں 90 ہزار سے زائد بچوں کو سکولوں میں داخل کرانے کا ٹارگٹ دیاگیاہے، ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 1 اپریل 2017 14:45

سرگودھا۔یکم اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اپریل2017ء)ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ ضلع سرگودہا میں اس سال یونیورسل پرائمری او رسکینڈری ایجوکیشن پروگرام کے تحت 90 ہزار سے زائد بچوں کو سکولوں میں داخل کرانے کا ٹارگٹ دیاگیاہے، یہ ٹارگٹ گذشتہ سال کے مقابلہ میں 25فیصد زیادہ ہے، بچوں کے سکولوں میں داخلہ کی مہم وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کا آئینہ دار ہے، انہوں نے یہ بات گورنمنٹ جامع گرلز ہائی سکول میں بچوں کی سکولوں میں داخلہ مہم 2017 ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، تقریب میںپاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے چوہدری حامد حمید، ایم پی اے فیصل فاروق چیمہ ، میئر میونسپل کارپوریشن ملک اسلم نوید، ڈپٹی میئر محمد بلال خان، سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی ا ظہر علی خان، ڈی ای او چوہدری اللہ رکھا اور لیاقت علی نوید کے علاوہ محکمہ تعلیم کے دیگر افسران ، اساتذہ کرام او رطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی،انہوںنے کہاکہ حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی قیادت میں شرح خواندگی میں اضافہ اور کوالٹی ایجوکیشن پر بھر پور فوکس کر رہی ہے اور صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں داخلہ مہم 2017ء کیلئے ٹارگٹ دے دیئے گئے ہیں ، ضلع سرگودہا میں گذشتہ سال کی نسبت 25 فیصد اضافہ کے ساتھ 90 ہزار سے زائد بچوں کو سکولوں میں داخل کرایا جائے گا ، یہ مہم دو مرحلوں میں جاری رہے گی پہلے مرحلہ میں یکم اپریل سے 31 مئی اور دوسرے مرحلہ میں 15 اگست سے 31 اکتوبر تک بچوں کے داخلے کئے جائیںگے تاکہ کوئی بچہ سکول جانے سے محروم نہ رہے، تقریب سے ایم این اے چوہدری حامد حمید ‘ ایم پی اے فیصل فاروق چیمہ اور میئر کارپوریشن ملک اسلم نوید نے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے اس اقدام کو علم دوستی کی اعلیٰ مثال قرار دیا او رکہاکہ تعلیمی ترقی کے بغیر ملک کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، قبل ازیں سی ای او ایجوکیشن رانا اظہر علی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر ا علیٰ پنجاب کی طرف سے سکولوں کی حالت کی بہتری کیلئے بھر پور اقدامات کئے جارہے ہیں۔