متولی اور 20 افراد کے قاتل عبدالوحید نے اپنے پیر کے بیٹے کو بھی بیدردی سے قتل کردیا

اتوار 2 اپریل 2017 19:12

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2017ء) سانحہ سرگودھا میں قتل ہونے والوں میں پیر صاحب مزار علی محمد گجر کا اکلوتا بیٹا آصف بھی شامل ہے جو پولیس ہیڈ کواٹر میں تعینات تھا۔سرگودھا میں ہونے والی لرزہ خیز واردات کی تحقیقات جیسے جیسے آگے بڑھ رہی ہے نت نئے انکشافات بھی منظر عام پر آ رہے ہیں۔ پیر علی محمد گجر کے مزار کے متولی اور 20 افراد کے قاتل عبدالوحید نے اپنے پیر کے بیٹے آصف کو بھی نہ چھوڑا اور اسے بھی بے دردی سے قتل کردیا۔

(جاری ہے)

پولیس ترجمان کے مطابق قاتل عبدالوحید اور پیر علی محمد گجر کے خاندان میں گدی نشینی کا تنازع چل رہا تھا اور اسی سلسلے میں عبدالوحید نے جرگہ بلایا ہوا تھا جس میں اس نے اپنے پیر علی محمد گجر کے بیٹے کو اسلام آباد سے خصوصی طور پر مدعو کر رکھا تھا۔ ترجمان کے مطابق مقتول محمد آصف کا تعلق فیصل آباد سے تھا اور وہ قاتل عبدالوحید کے پیر علی محمد گجر کا اکلوتا بیٹا تھا۔آصف اسلام آباد پولیس کا ملازم اور پولیس لائن ہیڈ کواٹر میں تعینات تھا جبکہ طبی بنیاد پر 25 اپریل تک رخصت پر تھا۔ آصف وزیراعظم سیکرٹریٹ کے اسکواڈ میں بھی تعینات رہ چکاتھا۔

متعلقہ عنوان :