معیار تعلیم میں اضافہ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں، ڈاکٹر زبیر شیخ

منگل 4 اپریل 2017 21:46

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2017ء) محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ یونیورسٹی کے معیار تعلیم میں اضافہ اور نئے ڈگری پروگرام شروع کرنے کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے بہتر نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور وہ امیدکرتے ہیں کہ ماجو کا شما ر بہت جلد اس ریجن کی بہترین یونیورسٹیوں میں ہونے لگے گا۔

یہ بات انہوں نے یونیورسٹی کے بورڈ آف ایڈوانس اسٹیدیز اینڈ ریسرچ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ایسو سی ایٹ ڈینز، ڈائیریکٹر کیو ای سی، ڈائیریکٹر اکیڈمک اینڈ ریسرچ ، ڈائیریکٹر اورک اور شعبہ جاتی سربراہان نے شرکت کی۔ڈاکٹر زبیر شیخ نے کہا کہ یونیورسٹی میں تحقیقی سرگرمیاں اطمینان بخش طور پر جاری ہیں جس کا اندازہ پی ایچ ڈی پروگرام کے داخلوں میں طلبہ کی ایک بڑی تعداد کی جانب سے درخواستیں جمع کرانے سے لگایا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے زور دیا کہ پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلے دیتے وقت ھائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے جاری کی جانے والی ہدایات پر سختی کے ساتھ عمل کیا جائے اور داخلہ حاصل کرنے والے کسی بھی امیدوار کو کوئی غیر ضروری رعائیت نہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ تحقیق کے کام کو جاری رکھنے کے دوران کاغذ کے غیر ضروری استعمال سے گریز کیا جائے اور انٹر نیٹ پر دستیاب سہولتوں اور ای ڈاکومینٹیشن سے بھر پور استفادہ کیا جائے۔

انہوں نے تحقیقی رپورٹس کی تیاری کے سپر وائیزرز اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اس بات کی کڑی نگرانی کریں کہ طلبہ کسی دوسری رپورٹ کی کاپی تو نہیں کررہے ہیں اور اگروہ ایسا کریں تو ان کی رپورٹ مسترد کردیں جو ان کی اولین ذمہ داری ہے۔اجلاس میں جن ممبران نے شرکت کی ان میں ڈاکٹر عاصم امداد، داکٹر شجاعت مبارک، ڈاکٹر عمران جامی، ڈاکٹر کاشف اسحق،ڈاکٹر منیر حسین، ڈاکٹر خلیل الرحمان راضی، ڈاکٹر غضنفر منیر، ڈاکٹر شوکت وصی، ڈاکٹر شفیق الرحمان،ڈاکٹر احمد علی شاہ اور ڈاکٹرحاجی خان سومرو شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :