گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر 1سیدو شریف میں منعقدہ ایک اہم تقریب

سوات کی مختلف مضا مین کی (266)خواتین اساتذہ میں تعیناتی کے احکامات تقسیم کئے گئے جو میرٹ پر این ٹی ایس کے ذریعے بھر تی ہوئی

پیر 10 اپریل 2017 20:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2017ء)گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر 1سیدو شریف میں منعقدہ ایک اہم تقریب میں سوات کی مختلف مضا مین کی (266)خواتین اساتذہ میں تعیناتی کے احکامات تقسیم کئے گئے جو میرٹ پر این ٹی ایس کے ذریعے بھر تی ہوئی ہیں ۔ اسناد وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاوسنگ ڈاکٹر امجد، چیئر مین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان ، پارلیمانی سیکرٹری عزیزاللہ گران ، ڈی ای او زنانہ زیب النساء اور احسان اللہ خان نے تقسیم کیں جبکہ اس موقع پر ایم پی ایز ڈاکٹر حیدر علی اور سید جعفر شاہ کے نمائندے بھی موجود تھے۔

ان استانیوں میں (91)سی ٹی (10)قاری (9)اے ٹی (8)پی اے ٹی (8)ڈی ایم اور دیگر مختلف مضامین کی استانیاں شامل ہیں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد ، فضل حکیم خان ،عزیزاللہ گران اور دیگر نے خواتین کی تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایک خاتون کی تعلیم پوری خاندان کی تعلیم ہے اور خواتین کا کردار تاریخ میں ثابت ہے۔

(جاری ہے)

جو قومیں خواتین کو ساتھ لے کر ترقی کی راہوں پر گامزن ہوتی ہیں وہ اپنی منزل جلد حاصل کر لیتی ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے تعلیم کی اس اہمیت کو پیش نظر رکھ کر اس کو منشور میں اولیت دی اور تعلیم کی شعبہ میں میرٹ ، جزا اورسز ا کا عمل نافذ کرکے شعبہ تعلیم کی بنیادیں مضبوط کیں ۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے دین اسلام سے نوجوان نسل کو آگاہ کرنے کیلئے ناظرہ اور ترجمہ قرآن کو لازمی قرار دیا تاکہ ہمارے طلبہ اچھے مسلمان بھی بن سکیں اور وہ تما م رشتوں کی عزت و اکرام سے آگاہ ہو سکیں ۔

میرٹ پر بھر تی اساتذہ اور استانیاں محنت کرکے نوجوان نسل کو معیاری تعلیم دیں گی جو ملک کا نام روشن کر یں گے ۔اس موقع پر نئے سال کے داخلہ مہم کا باضابطہ افتتاح بھی کیا گیا اور طالبات میں بیگ ، کتابیں اور دیگر متعلقہ اشیاء تقسیم کی گئیں ۔ چیئر مین ڈیڈیک نے سکول کیلئے پانچ لاکھ روپے کے ترقیاتی فنڈ کا اعلان کیا جبکہ ڈاکٹر امجد نے سکول بینڈ ، ملی نغمہ ٹیم اور ویلکم ٹیم کے لئے دس دس ہزار روپے کا اعلان کیا ۔مقررین نے بہترین تقریب کا اہتمام کرنے پر سکول انتظامیہ کو شاباش دی۔